ذوالفقار علی بخاری
دل میں خوشی ہے، آنکھوں میں اشکوں کی ہے لڑی
کتنی عجیب ہوتی ہے بیٹی کی رخصتی
جائے گی اپنے گھر کو صدفؔ ناز بیٹھ کر
دلشادؔ لے کے آئے ہیں ’ گل پوش پالکی‘
امان ذخیروی (امان اللہ خان)اردو و ہندی زبان کے متحرک ، سنجیدہ لب و لہجے کے شاعر اورمدرس ہیں۔آپ کی خدمات کا دائرہ شاعری کے علاوہ صحافت،تحقیق اورتالیف وترتیب تک پھیلا ہوا ہے۔ہندوستانی اخبارات کے بچوں کے صفحات کو مرتب کرنے کی ذمہ داری بھی نبھاتے ہیں۔آپ کی کئی کتب منظرعام پر آچکی ہیں جنھیں قارئین و ادبی حلقوں میں بے پناہ مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔
امان ذخیروی کے نئے شعری مجموعے ’گل پوش پالکی‘ کودیکھ کر بے پناہ حیرانی ہوئی ہے،اِسے تہنیتی ادب کا خوش گوار اضافہ کہنا بے جا نہ ہوگا۔رخصتی ناموں کا مجموعہ ’گل پوش پالکی‘29اکتوبر2026کو منظرعام پرآیا ہے ۔ امان ذخیروی نے دنیائے اردوادب کی معروف ہستیوں سے مختلف شعری اصناف پر مبنی تخلیقات کے حصول کو نہ صرف ممکن بنایا ،بل کہ اُنھیں ’گل پوش پالکی‘ کے عنوان سے شائع کرکے اپنی دخترنغمہ صد ف کو شادی کے موقع پر ایسا تحفہ دیا جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے۔
شباب و نور رخ زیست پر بکھرآیا
صدفؔ نے خواب جو دیکھا تھا آج برآیا
(ریحانہ عاطف)
تہنیتی ادب سے مراد ایسا ادب ہے جو خوشی، کامیابی ،جنم دن، تقرری، اعزاز کے حصول یا علمی وادبی خدمات کے اعتراف میں لکھا یا پیش کیا جاتا ہے۔
بقول نذیر فتح پوری:
’’رخصتی کے موقع پر شائع ہونے والا یہ پہلا مجموعہ ہے ، جس کا عنوان اس قدر بامنی اورحقیقت کشا ہے۔یہ رخصتی نامہ ایک باپ کے دل سے نکلی ہوئی دعائوں کا حسین گلدستہ ہے۔‘‘
تو پھلے پھولے سدا شاد و آباد رہے
تیرے ہرناز پہ شیدا ترا دلشادؔ رہے
فیروز کمال ’گل پوش پالکی‘ کی تعریف کرتے ہوئے لکھتے ہیں:
’’اس کتاب کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ انہوں نے اس کے نو (9) ابواب قائم کئے ہیں اور ہر باب کے اول صفحے پر اِس باب کی مناسبت سے ایک قطعہ لگایا ہے، جس کے خالق بھی وہ خود ہی ہیں۔ تعریف کی بات یہ ہے کہ یہ تمام قطعات ایک ہی بحر و وزن میں ہیں۔اتنا بڑا کارنامہ وہی انجام دے سکتا ہے جو خود ایک بڑا فنکار ہو۔‘‘
گل پوش پالکی‘ کا انتساب دلہن کے دادا محترم اور دادی محترمہ کے نام کیا گیا ہے۔امان ذخیروی لکھتے ہیں:
لوہانی پور کو قدموں سے اپنے جگمگائو تم
میاں دلشادؔ کے آنگن کو پھولوں سے سجائو تم
دعا دادا کی ہے کہ ’’دودھو نہائو اور پھلو پوتو ‘‘
صدفؔ!دادی سہاگن کی طرح تقدیر پائو تم
دل چسپ بات یہ ہے کہ اِس سے قبل بھی رخصتی ناموں کے مجموعے منظرعام پرآچکے ہیں،جنھیں کوئی اور نہیں بل کہ امان ذخیر وی ہی نے ترتیب دیا ہے۔ 29نومبر2019کو بڑی بیٹی زاہد ہ مسکان کی شادی کے موقعے پر 80صفحات کی کتاب بعنوان’’ گلہائے آرزو‘‘ کے عنوان سے اور دوسری کتاب ’’گلشن آرزو ‘‘ کے نام سے 11مارچ2023کو معروف ناقد و محقق ،خوش فکر شاعرڈاکٹر مقبول منظر کی صاحبزادی کی شادی خانہ آبادی کے موقع پر منظرعام پرآئی ۔
دل یہ گلشن ہے
رب کی رحمت سے، دیکھو
بیٹی دلہن ہے
(ڈاکٹر عطا عابدی )
’گل پوش پالکی‘ میںشامل دنیائے اردو ادب کی نامور شخصیات کا کلام قابل تعریف ہے۔امان ذخیروی نے شعری مجموعے میں اپنی لخت جگر صدف ناز، داماد کا تعارف ،دلہن کے خویش واقارب کی تصاویر اورنکاح کے حوالے اہم مقالہ جات کو شامل کرکے کتاب کو تاریخ ساز بنا دیا ہے ۔کتاب کا پہلا باب’ قطعات تاریخ شادی‘، دوسرا باب’نگارشات خواتین‘،تیسرا باب’ ملک و بیرون ملک کے شعراء کی رخصتی نظمیں‘،باب چہارم میں’رخصتی تضمین بقید صنعت توشیخ‘،باب پنجم میں’ رخصتی غزلیں‘باب ششم میں ’ رخصتی رباعیات‘،باب ہفتم میں ’رخصتی قطعات’، باب ہشتم میں ’ رخصتی سانیٹ، رخصتی ماہیے، رخصتی ترانیلے،رخصتی تسطیر، ماہی رخصتی گیت ، رخصتی ہائیکو، دوہا رخصتی، دوہا غیرمردف قطعہ رخصتی اورباب نہم میں ’ تضمینی رخصتی اشعار‘ شامل ہیں۔
ڈاکٹر فرزانہ فرحت اپنے مضمون ’ گل پوش پالکی: رخصتی ناموں کی تاریخ کا سنگ میل ‘ میں لکھتی ہیں:
’’اس کتاب کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ دنیا بھر سے شاعرات نے بھی ایک بیٹی کی رخصتی کے موقع پر خوب صورت کلام نہایت محبت ،شوق اورجذبوں کے ساتھ لکھے ہیں۔ جو اس کتاب کے ایک باب ’نگارشات خواتین‘ کی زینت بنائے گئے ہیں،جس سے یہ واضح ہو جاتا ہے کہ خواتین جو دنیا کے کسی بھی خطے میں آباد ہوں ،اپنے معاشرے اوررسم و رواج سے جڑی ہوئی ہیں۔انہوں نے رخصتی کی اس کتاب کے مضامین کو محض ایک رسم یا معاشرتی روایت کے طور پر نہیں بلکہ ایک اندرونی اورذہنی انقلاب کے طور پر پیش کیا ہے۔‘‘
لب پہ صد اہے
حافظ ہو خدا تیرا
سب کی دعا ہے
۔
دعا کرے ماں باپ یہ، سکھی رہے جیون
جنت سا سسرال ہو، کبھی نہ ہو الجھن
دنیا بھر میں دن رات شادیاں ہو رہی ہیں، کچھ سادگی سے، کچھ نمائشی شان و شوکت ، نام و نمود اوردنیا کو دکھانے کے لئے ہوتی ہیں ۔لیکن کچھ باذوق حضرات بچوں کی شادیوں کو یادگار اور منفرد بنانے و علمی ادبی تسکین کے لئے مبارک باد اوردعائوں پر مشتمل تہنیت نامے(سہرے، رخصتی ناموں کے گلدستے) زمانہ قدیم سے شائع کرتے چلے آرہے ہیں جس کی تازہ مثال ’گل پوش پالکی‘ ہے۔ ’گل پوش پالکی‘ایک ایسی دستاویز ہے جسے ہر بیٹی کے جہیز میں شامل ہونا چاہیے اور خواتین کی درس گاہوںو کتب خانوں کا بھی حصہ بنانا چاہیے۔امان ذخیروی کا لاڈلی بیٹی کے لئے مرتب کیا گیا قیمتی اثانہ اردو ادب کی تاریخ میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید اہمیت کا حامل ہوگا ۔ان شاء اللہ تعالیٰ
’گل پوش پالکی‘ پر جامعات کو ترجیحی بنیادوں پر تحقیقی کام کروانا چاہیے تاکہ نسل نو کے ساتھ ساتھ مستقبل کے محققین کو تہنیتی ادب کی جانب متوجہ کیا جا سکے۔ ’گل پوش پالکی‘ کی قیمت چار سو روپے اورصفحات 320ہیں،اِسے ایجوکیشن پبلی کیشن ہائوس ،نیو دہلی(بھارت) سے خریدا جا سکتا ہے۔


