حسن امام احسن
ڈاکٹر محفوظ عالم بہار – جھارکھنڈ کے علاوہ ملک کے دیگر صوبوں میں بھی جانا پہچانا نام ہے یعنی وہ ملک گیر پیمانے پر مشہور و معروف ہیں۔ وہ ایک بہترین افسانہ نگار ہیں۔ ان کا افسانوں کا مجموعہ ” نقطہ سے دائرہ تک ” مقبولیت کا دائرہ وسیع کر چکا ہے۔
محفوظ عالم کی دوسری خوبی یہ ہے کہ وہ ایک اچھے انشائیہ نگار ہیں۔ ابھی تازہ تازہ ان کے انشائیوں کا مجموعہ ” رقص انگشت ” منظر عام پر آیا ہے ۔ ” رقص انگشت ” اس بات کی گواہی ہے کہ وہ ایک اچھے انشائیہ نگار ہیں۔ بات سے بات پیدا کرنا یا بال کی کھال نکالنا ، اور اس سے لوگوں کے چہرے پر مسکراہٹ لانا ، ساتھ ہی غور و فکر کے سمندر میں قاری کو غرق کر دیتا ہے۔ یہ بہت بڑا فن ہے۔ کسی موضوع کو مزاح کی چاشنی میں ڈبو کر قاری کے چہرے پر مسکراہٹ بکھیرنا ، ایک نیک کام ہے۔ ” رقص انگشت : ایک جائزہ ” کے عنوان سے ڈاکٹر ہمایوں اشرف رقم طراز ہیں
” ڈاکٹر محفوظ عالم کا ذہن شاداب ہے۔ وہ زندگی اور سماج کے چاروں طرف پھیلے ہوئے مسائل اور معاملات کا گہری نظر سے مشاہدہ کرتے ہیں اور روزمرہ کے واقعات کو مزاح کی چاشنی کے ساتھ پیش کر دیتے ہیں۔ ان روزمرہ کے واقعات، تجربات کے پیچھے چھپے ہوئے ہماری تہذیب ، ہمارے ملک بلکہ دنیا کی تبدیلیاں، نئی نئی ایجادیں، قدروں کے بحران کا منظر نامہ ہمارے سامنے آ جاتا ہے۔ محفوظ عالم رونما ہونے والے واقعات کے مضحک پہلوؤں کو فورا دیکھ لیتے ہیں اور پھر اسے مزاح کی چاشنی کے ساتھ پیش کر دیتے ہیں۔ ”
محفوظ عالم کی تحریروں کو دیکھنے کے بعد یہ پتہ چلتا ہے کہ ان کا ذہن فعال اور متحرک ہے اور زبان و بیان کے لحاظ سے بھی تحریر بہترین ہے۔ محفوظ عالم نے لفظوں کا تانا بانا بہت ہی دلکش انداز میں بنا ہے ۔ محفوظ عالم نے مشاعروں کے ماحول کی عکاسی بڑی خوبصورت انداز میں کی ہے۔ ساتھ ہی غور و فکر کے نہر کا ایک کونہ کھلا رکھا ہے جہاں اہل علم غوطہ لگا کر دور تک جائیں اور معاشرے میں پھیلی برائیوں پر غور و فکر کریں۔” تال ٹھوک مشاعرہ ” سے ایک اقتباس دیکھیے
” سلطنت مغلیہ میں مشاعرے بادشاہوں اور نوابوں کے محلوں میں، جامع مسجد کی سیڑھیوں پر اور طوائف کے کوٹھوں پر شان و شوکت کے ساتھ منعقد ہوتے تھے ، جہاں ایک خاص رکھ رکھاؤ، آداب ، سنجیدگی محیط ہوتی تھی۔ ان مشاعروں میں حقہ و چلم کا بھی رواج تھا ۔ مگر اتنی بے شرمی نہیں تھی کہ مشاعرے کا صدر سر بزم ہاتھوں میں کھینی رگڑے اور تال ٹھوکے۔ مگر وائے ناکامی ! آج اردو مشاعرے میں ایسے ایسے نظارے دیکھنے کو مل رہے ہیں کہ ادب و تہذیب کا جنازہ آنکھوں کے سامنے نکل رہا ہے۔ اردو کے نام پر بنی انجمنوں کی روح نکل گئی ہے، صرف ڈھانچہ باقی ہے جسے لباس عروسی پہنا کر محفلوں میں نمائش کرائی جا رہی ہے۔”
ڈاکٹر محفوظ عالم نے مشاعروں کی بے راہ روی کو بڑے سلیقے سے پیش کیا ہے۔ موصوف نے فکری جوہر کو قاری کے لئے انشائیہ کی شکل میں پیش کیا ہے اور بڑی باریک بینی سے زندگی کی حقیقتوں کو کہیں علامتوں یا کنایوں میں قاری کے سامنے رکھا تو زیادہ تر جگہوں پر کھل کر صاف صاف اپنے مخصوص انداز میں بیان کیا ہے ۔ ان کے انشائیوں میں اصلاحی نظریہ کی ایک ہلکی سی لکیر نظر آتی ہے جو کافی اہم ہے۔
ڈاکٹر احسان تابش رقم طراز ہیں
” زیر نظر انشائیوں کا مجموعہ ان کے کمال فن کا ائینہ ہے ، خیال کا فنکارانہ اظہار ہے، جذبات کی عکاسی ہے، دل کی آواز ہے، زندگی کے کرب کا ترجمان ہے ۔ نام و نمود سے بے پرواہ رہنے والے ڈاکٹر محفوظ عالم زندگی کی حقیقت کو قلم بند کرنے کا ہنر جانتے ہیں۔ حالات کی ترجمانی خوب کرتے ہیں۔ احساس کو مرنے نہیں دیتے ۔ ڈاکٹر محفوظ عالم کے افسانے اور انشائیے پڑھنے کے بعد محسوس ہوتا ہے کہ یہ لکھاری بہت ساری خوبیوں کا مالک ہے۔ ”
ڈاکٹر محفوظ عالم نے یہ عنوان لگایا ” چچا جہاں تہاں نے جب اسمارٹ فون خریدا ” ۔ اس میں چچا جہاں تہاں کے متعلق جو خامہ فرسائی کی گئی ہے وہ دل کو بہلانے کا اچھا طریقہ ہے۔ مگر ایسا ہوتا بھی ہے۔ ایک اقتباس دیکھئے
” ایک دن چچا جہاں تہاں بھول سے اپنا موبائل گھر پر بھول گئے۔ جب مغرب کی نماز کے بعد گھر واپس آئے تو بیوی ہاتھ میں جھاڑو لئے سامنے کھڑی نظر آ ئی۔ کہنے لگی شرم نہیں آتی ہے کہ اس عمر میں جوان لڑکیوں سے عشق فرماتے ہیں۔ ابھی ایک لڑکی کی ویڈیو کال آئی تھی ۔ مجھ سے کہہ رہی تھی کہ اماں جی مجھے حبیب سے بات کروا دیں۔ پلیز، بہت دنوں سے گفتگو نہیں ہوئی ہے۔ ہم ان سے محبت کرتے ہیں، ان سے شادی کرنا چاہتے ہیں۔ آپ ہم کو اپنی بہو بنا لیجئے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ ان کی بیوی کا انتقال ہو گیا ہے، وہ تنہا گھٹن محسوس کرتے رہتے ہیں ۔ ”
محفوظ عالم پوری ایمانداری سے اردو کی خدمت کر رہے ہیں ۔ جس خوبصورتی سے وہ اپنی باتیں قاری کے سامنے رکھتے ہیں وہ ان کے بالغ نظر ہونے کا ثبوت ہے۔
موصوف نے نفسیات میں پی ایچ- ڈی کی ہے۔ یہ پی ایچ- ڈی کا ہی کمال ہے کہ وہ انسان کو بڑی آسانی سے پڑھ لیتے ہیں۔ وہ کچھ حد تک سامنے والا کیا سوچ رہا ہے اس کا بھی اندازہ ہو جاتا ہے۔ ان کی تحریروں میں نفسیاتی جھلک واضح نظر آتی ہے۔
پروفیسر اسلم جمشید پوری ڈاکٹر محفوظ عالم کے انشائیوں سے بے حد متاثر ہوئے اور لکھا
” ڈاکٹر محفوظ عالم کو میں اب تک افسانہ نگار سمجھتا تھا لیکن ان کی انشائیوں کا مجموعہ ” رقص انگشت ” نے مجھے حیران کر دیا ۔ افسانہ لکھنا الگ بات ہے ، لیکن انشائیہ لکھنا غیر معمولی بات ہے۔ میں نے محفوظ عالم کہ کئی انشایئے پڑھے جیسے قصہ شاعر بننے کا ، تال ٹھوک مشاعرہ، کمال لنگی کا ، تین آنکھیں، دلہن ایک دولہا تین، رقص انگشت، فن چمچہ گیری وغیرہ نے مجھے بہت متاثر کیا ۔ ”
ڈاکٹر محفوظ عالم کی علمی و ادبی شخصیت کا روشن اور شاندار پہلو ادبی دنیا کی نظروں میں گشت کر رہا ہے۔ محفوظ عالم اپنے انشائیوں میں جس روشن خیالی کا مظاہرہ کرتے ہیں، ان کے فن کو سمجھنے کے لئے کافی ہے۔ وہ انشائیوں کو افسانوی انداز میں عطا کرتے نظر آتے ہیں، جس سے قاری کی شوخ نظریں انشائیہ نگار کی شخصیت کو پرکھتی ہیں۔ قاری اپنی نظروں میں انشائیہ نگار کو وہ مقام عطا کرتا ہے، جس کا وہ حقدار ہے۔
آج کے دور میں بلڈوزر کو جو مقام حاصل ہے، وہ اب عدالتوں میں نہیں ہوتا۔ سارا فیصلہ بلڈوزر کر دیتا ہے، آن اسپاٹ، جو ہمارے سماج کے لئے بہت ہی خطرناک ہے۔ اس پر روشنی ڈالتے ہوئے دستگیر نواز یوں رقم طراز ہیں
” سلگتے ہوئے موضوع پر نظریں جمائے بعنوان ” دیکھ تماشہ بلڈوزر کا ” ، مضمون نہایت سنجیدگی سے موجودہ حالات کا نہ صرف مشاہدہ کرتے ہوئے بلکہ درد و کرب محسوس کرتے ہوئے لکھا گیا ہے۔ اس مضمون میں بہت سارے حقائق کو قاری کے سامنے پیش کیا گیا ہے۔ اس کا مطالعہ کرتے ہوئے لگتا ہے وہ منظر کتنا کربناک ہوگا۔”
ڈاکٹر محفوظ عالم ایک منجھے ہوئے افسانہ نگار ہیں تو ساتھ ہی ساتھ منجھے ہوئے انشائیہ نگار بھی ہیں۔ موصوف کا انشائیوں میں اظہار و بیان بڑی خوبصورت انداز میں ہوتا ہے۔ اپنی پوری توانائی انشائیہ کے لئے لگا دیتے ہیں جس سے ان کی فنکاری اور ذہنی کیفیت کا اندازہ ہوتا ہے۔ آپ معروف ادیب و فکشن نگار پروفیسر غضنفر کا انداز دیکھ سکتے ہیں۔ وہ لکھتے ہیں
” محفوظ عالم کی ان تحریروں کی زبان عالموں، فلسفیوں اور سالک صوفیوں والی زبان نہیں بلکہ حالت جذب میں رہنے والے ان مجذوبوں اور قلندروں کی زبان ہے۔ اس میں کوئی ربط ضبط تو نہیں ہوتا ۔ مگر اس سے نعرہ مستانہ ضرور پھوٹتا ہے جو فضاؤں میں گونجتا ہے تو سماعتیں مبہوت ہو جاتی ہیں، دل و دماغ پر سکوت طاری ہو جاتا ہے۔”
آپ غضنفر صاحب کی باتوں کو گہرائی سے دیکھیں یا پڑھیں تو آپ کو محفوظ عالم کے فن کا اعتراف کرنا پڑے گا۔ محفوظ عالم اپنے انشائیوں میں عام فہم زبان کا جتنے اچھے طریقے سے الفاظ کا استعمال کرتے ہیں، وہ قابل تعریف ہے۔ کہیں کہیں یہ لفظیات کا نیا پن بہت کچھ سوچنے پر مجبور کرتا ہے۔
ڈاکٹر محفوظ عالم باصلاحیت ادیب ہیں۔ افسانہ ہو یا انشائیہ وہ کافی اچھا لکھتے ہیں۔ محفوظ عالم کے افسانوں میں جو باتیں پس پردہ ہوتی ہیں، وہ انشائیوں میں حقیقت کو طنز کی چاشنی میں ڈبو کر سماج کی وہ تصویر قاری کے سامنے پیش کرتے ہیں جو قاری کو لطف سے بھر دیتا ہے اور سوچنے پر بھی مجبور کرتا ہے ۔ خیر زماں راشد نے بعنوان ” انشائیہ نثر کے کرشمے” میں انشائیہ پر سیر حاصل گفتگو کی ہے۔ اس مضمون کا ایک چھوٹا سا اقتباس دیکھیں
” رقص انگشت انشائیوں کا مجموعہ ہے۔ انشائیہ نثری ادب کی وہ صنف ہے جو بظاہر مضمون کی مانند لگتی ہے مگر اس کا انداز مضمون سے الگ ہوتا ہے اور اس میں انشائیہ نگار کا تجربہ، مشاہدہ اور مصنف کی شخصیت بھی دکھائی دیتی ہے۔ یہ نثر لطیف کی ایک صورت ہے جس میں ہلکے پھلکے انداز میں بہت سے سماجی موضوعات اور شخصیات پر بات کی جاتی ہے۔ شگفتگی اور طنز و مزاح انشائیہ کا حسن ہے۔ انشائیہ کے اسلوب میں شخصیات، اشیاء ، واقعات، تقریبات کی تحریک گروہ حتی کہ کسی محاورے سے روزمرہ استعارے کو موضوع بنا کر ایک کہانی تخلیق و مرتب کی جاتی ہے۔ اس میں پیام بھی ہوتا ہے، اختصار اور بے ساختگی بھی۔ جو اس نثر لطیف کا حسن ہے۔ طنز و مزاح لازمی نہیں لیکن یہ انشائیہ مضامین کو دلچسپ اور قابل قبول بناتا ہے۔ محفوظ عالم صاحب کی تحریریں بھی اس فن سے تشکیل پاتی ہیں۔”
ڈاکٹر محفوظ عالم نے” آپریشن کلین شیو” میں داڑھی کا ذکر بڑے ہی حسین انداز میں کیا ہے، تو ” کمال لنگی کا ” زبردست انشائیہ ہے۔ ” موبائل کی کرشمہ سازی” ، ” ادب کی دکان” اور فن چمچہ گیری” ، کمال کی چیز ہے۔ انشائیہ کے متعلق اپنی کتاب میں اظہار تشکر کے تحت محفوظ ظالم خود فرماتے ہیں
” رقص انگشت فقط انشائیہ نہیں ہے اور نہ محض طنز و مزاح ۔ ان مضامین میں عصر حاضر کے نوحے بھی ہیں ، ماضی کے مزار کی گرد بھی ، شعر و ادب کے گرداب بھی، اردو زبان کا مرثیہ بھی، ہنسی و تمسخر کی پھلجھڑیاں بھی، اشکوں کی لڑیاں بھی، انسان کی عیاری و مکاری بھی مگر فریاد بھی۔ سائنس اور ٹیکنالوجی کی دلفریبی بھی، آدم خاکی کی بےچارگی و جفا کشی بھی، دوستوں کی وفا بھی، دشمنوں کی جفا بھی، گیسوئے یار کی باتیں بھی، سخت دن بھی اور پر رونق راتوں کا ذکر بھی۔”
ڈاکٹر محفوظ واقعی ایک قابل شخص کا نام ہے۔ ان کی شخصیت باوقار ہے ۔ موصوف کا اردو ادب میں تعاون تھوڑا ہو یا زیادہ، اہم ہے۔ میرے خیال سے اردو کی بستی میں رہنے والوں کو ان کی خدمت کا اعتراف کرنا چاہیے ۔ محفوظ عالم نے انشائیہ میں زندگی کے مسائل سماج کی حقیقی عکاسی کی ہے اور قاری کو غور و فکر کے لئے مجبور کیا ہے۔


