
رئیس احمد کمار
قاضی گنڈ کشمیر
ڈاکٹر گلزار احمد وانی کا تعلق ضلع پلوامہ، کشمیر سے ہے اور ان کا شمار عصر حاضر کے نوجوان محققین و ناقدین میں ہوتا ہے۔ ان کی ڈیڑھ درجن سے زائد تصانیف ادبی حلقوں میں پذیرائی حاصل کر چکی ہیں۔ حال ہی میں ان کی تازہ تصنیف ’’بحث و نقد‘‘ شائع ہوئی ہے، جسے معروف اشاعتی ادارے جی این کے پبلی کیشنز نے 224 صفحات پر مشتمل کتاب کی صورت میں پیش کیا ہے۔ کتاب کا سرورق دیدہ زیب ہے اور مصنف نے اسے کشمیر یونیورسٹی کے ان فارغ التحصیل طلبہ کے نام معنون کیا ہے جو عملی زندگی میں بھی ادب کی خدمت سے وابستہ رہے ہیں۔
یہ تصنیف سات ابواب پر مشتمل ہے، جن میں مختلف ادبی موضوعات، شخصیات اور تخلیقات کا تنقیدی و تحقیقی مطالعہ پیش کیا گیا ہے۔ معروف شاعر علی شیدا کے مطابق مصنف نے ملکی سطح کے عظیم قلم کاروں کے ساتھ جموں و کشمیر کے ممتاز ادیبوں اور نئے قلم کاروں کو بھی کتاب میں مناسب جگہ دی ہے۔ پیش لفظ میں مصنف اعتراف کرتے ہیں کہ وہ کسی فن پارے کے بارے میں رائے قائم کرنے سے قبل اس کا بغور مطالعہ کرتے ہیں، جو ان کے تنقیدی رویے میں سنجیدگی اور احتیاط کی عکاسی کرتا ہے۔ پروفیسر اسلم جمشید پوری، صدر شعبۂ اردو، میرٹھ یونیورسٹی، نے کتاب میں متعدد موضوعات کو سمیٹنے کی کوشش کو بارآور قرار دیا ہے، جبکہ غلام حسن طالب نے ڈاکٹر گلزار احمد وانی کی ادبی خدمات کو سراہا ہے۔
کتاب کے پہلے باب میں مرغوب اثر فاطمی، شہ زور کاشمیری اور معاصر اردو نظم کے حوالے سے مضامین شامل ہیں۔ مصنف نے مختلف ادوار کے اہم شعرا، ان کے اشعار، فنی محاسن اور شعری تکنیک کا تجزیہ کیا ہے۔ مرغوب اثر فاطمی کے شعری مجموعے ’’خیمۂ بہار‘‘ پر گفتگو کرتے ہوئے ان کی غزل اور نظم دونوں میں یکساں دسترس کو نمایاں کیا گیا ہے۔ شہ زور کاشمیری کی شاعری میں سماجی شعور اور معاشرتی عکاسی کے پہلوؤں پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔
دوسرے باب میں فرید پربتی، حافظ کرناٹکی، علی شیدا، روبینہ میر اور شیخ گلزار کی غزل گوئی پر پانچ مضامین شامل ہیں۔ فرید پربتی کو کشمیر کی اردو شاعری کا معتبر شاعر قرار دیتے ہوئے غزل اور رباعی میں ان کی مہارت کا ذکر کیا گیا ہے۔ حافظ کرناٹکی کے شعری مجموعوں ’’شان غزل‘‘ اور ’’جان غزل‘‘ کا تجزیاتی مطالعہ پیش کیا گیا ہے۔ علی شیدا کی غزل اور نظم، روبینہ میر کے مجموعے ’’اضطراب‘‘ اور شیخ گلزار کے مجموعے ’’منظر سایہ آسمانوں کا‘‘ پر بھی تنقیدی گفتگو شامل ہے۔
باب سوم میں زنفر کھوکھر، رتن سنگھ کنول، ذاکر فیضی، ترنم ریاض، راجیو پرکاش اور محمد یونس ڈار کی افسانہ نگاری کا جائزہ لیا گیا ہے۔ زنفر کھوکھر کے افسانوی مجموعوں ’’کانچ کی سلاخ‘‘، ’’عبرت‘‘، ’’خوابوں کے اس پار‘‘ اور ’’آخر کب تلک‘‘ میں سماجی نابرابری اور معاشرتی مسائل کی عکاسی کو نمایاں کیا گیا ہے۔ رتن سنگھ کنول کے افسانوں میں انسانی کرداروں کے علاوہ جانوروں کی کردار نگاری اور بیانیہ انداز پر گفتگو کی گئی ہے۔ ذاکر فیضی کے مجموعے ’’نیا حمام‘‘، ترنم ریاض کے ’’ابابیلیں لوٹ آئیں گی‘‘، راجیو پرکاش کے ’’احتیاط‘‘ اور محمد یونس ڈار کے ’’خوابوں کی کسک‘‘ سے منتخب افسانوں کا تنقیدی مطالعہ بھی اس باب کا حصہ ہے۔
چوتھے باب میں بیگم حمیدہ سلطان، فکر تونسوی اور محمد مجیب کی خاکہ نگاری پر مضامین شامل ہیں۔ بیگم حمیدہ سلطان کے خاکے ’’زلیخا بیگم‘‘، فکر تونسوی کے ’’اپنا خاکہ‘‘ اور محمد مجیب کے معروف خاکے ’’رمضان علی‘‘ کا مطالعہ پیش کیا گیا ہے۔
پانچویں باب میں جموں و کشمیر کی اردو انشائیہ نگاری پر تفصیلی مضمون شامل ہے، جس میں غلام حسن طالب، شفیع اطہر، مشتاق احمد وانی، ڈاکٹر گلزار احمد وانی، زنفر کھوکھر، ایثار کشمیری، ڈاکٹر شفیع ایاز اور ایس معشوق احمد کی انشائیہ نگاری کا جائزہ لیا گیا ہے۔ ایس معشوق احمد کی انشائیہ نگاری پر الگ مضمون بھی اس باب میں شامل ہے۔
چھٹے باب میں مجید مضمر، گوپی چند نارنگ، عبدالرحمن مخلص اور غلام حسن طالب جیسی معروف ادبی شخصیات کی زندگی، ادبی خدمات اور کارناموں پر تنقیدی مضامین قلم بند کیے گئے ہیں، جبکہ آخری باب میں آٹھ کتابوں پر تبصرے شامل ہیں۔


