فیضان پنجابی
بانہال-ویری ناگ ٹاپ کے مقام پر جمعہ کے روز ایک المناک سڑک حادثے میں گاڑی گہری کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں ڈرائیور کی موت واقع ہوگئی۔ متوفی کی شناخت زبیر احمد ساکن اُرہن ہال، اننت ناگ کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ سینٹرو (Santro) گاڑی زیر نمبر JK03D-7256 چلا رہے تھے۔ جی این ایس کے مطابق حکام نے بتایا کہ گاڑی سڑک سے پھسل کر تقریباً 300 فٹ گہری کھائی میں جاگری۔ حادثے کے بعد پولیس کی ٹیموں نے ایس ڈی پی او قاضی گنڈ، ایس ایچ او قاضی گنڈ اور ڈی او جواہر ٹنل کی قیادت میں مقامی لوگوں کے تعاون سے بڑے پیمانے پر تلاش اور بچاؤ آپریشن شروع کیا، جس کے دوران ڈرائیور کی لاش برآمد کرلی گئی۔
حادثے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ قانونی لوازمات کی تکمیل کے بعد لاش آخری رسومات کے لیے اہل خانہ کے حوالے کردی گئی۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مزید کارروائی شروع کردی ہے۔


