جنگ نیوز
سری نگر/ مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا نے جمعرات کو زیرِ تعمیر آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (اے آئی آئی ایم ایس) اونتی پورہ کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ ایجنسیوں کو باقی کام مارچ 2027 تک مکمل کرنے کی ہدایت دی۔
اجلاس میں انہیں بتایا گیا کہ ادارے کی بیشتر بڑی عمارتیں مکمل ہوچکی ہیں، جبکہ او پی ڈی خدمات دسمبر 2026 سے قبل شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔ داخل مریضوں کے علاج (آئی پی ڈی) کی سہولیات جولائی 2027 سے شروع ہونے کی توقع ہے، جبکہ ایم بی بی ایس کی کلاسیں 2027-28 کے تعلیمی سیشن سے شروع ہوسکتی ہیں۔
جے پی نڈا نے طبی آلات، فرنیچر، عملے کی بھرتی اور دیگر بنیادی سہولیات کی دستیابی کا جائزہ لیتے ہوئے کاموں میں تیزی لانے پر زور دیا۔
حکام نے بتایا کہ طبی آلات کی 180 اقسام کی خریداری کے لئے 59.41 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ 140 آلات کے لئے خریداری کے احکامات بھی جاری کیے جاچکے ہیں۔
وزارت نے او پی ڈی اور متعلقہ خدمات کے لئے 652 ملازمین کی تعیناتی کی منظوری دی ہے، جن میں 150 سکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ اے آئی آئی ایم ایس اونتی پورہ کی بروقت فعالیت سے جموں و کشمیر میں جدید اور خصوصی طبی سہولیات بہتر ہوں گی اور مریضوں کو علاج کے لئے بیرونِ خطہ جانے کی ضرورت کم پڑے گی۔
AIIMS اونتی پورہ میںسو MBBS نشستوں کے ساتھ تعلیمی سرگرمیاں شروع ہوں گی/سکینہ ایتو
وزیر صحت جموں و کشمیر سکینہ ایتو نے جمعرات کو مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا کے دورۂ کشمیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اے آئی آئی ایم ایس اونتی پورہ میں جلد ہی 100 ایم بی بی ایس نشستوں کے ساتھ تعلیمی سرگرمیاں شروع کی جائیں گی، جبکہ اس سے قبل 50 نشستوں کا اعلان کیا گیا تھا۔
پلوامہ ضلع میں واقع ادارے کے دورے کے دوران جے پی نڈا نے منصوبے کی پیش رفت اور تعلیمی و طبی خدمات شروع کرنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ سکینہ ایتو نے کہا کہ مرکزی وزیر صحت نے عندیہ دیا ہے کہ جلد ہی 100 طلبہ یہاں تعلیم حاصل کرنا شروع کریں گے۔


