محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ بعض علاقوں میں بھاری بارش بھی ہو سکتی ہے. محکمہ موسمیات کے مطابق جموں خطے میں الگ تھلگ مقامات پر شدید بارش، گرج چمک، بجلی گرنے اور 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کا امکان ہے۔ حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے گرنے، فلیش فلڈ اور پتھر گرنے کے واقعات کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے.
کشمیر خطے میں بھی آئندہ دنوں کے دوران بعض مقامات پر گرج چمک، بجلی گرنے اور تیز ہواؤں کا امکان برقرار رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے خاص طور پر پہاڑی علاقوں اور سڑکوں پر سفر کرنے والوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ نے لوگوں کو موسم کی تازہ صورتحال پر نظر رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر کے کئی علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ بارش کٹھوعہ میں درج ہوئی جہاں 156.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سرینگر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ جموں ڈویژن میں کٹھوعہ سب سے گرم علاقہ رہا جہاں درجہ حرارت 36.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ بدھ کے روز مقامی پیش گوئی کے مطابق سرینگر میں مطلع عام طور پر ابر آلود رہنے اور ہلکی بارش کا امکان ہے، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری سیلسیس رہنے کی توقع ہے۔ جموں میں ہلکی سے درمیانی بارش کے ساتھ درجہ حرارت تقریباً 32 ڈگری سیلسیس رہ سکتا ہے۔


