جنگ نیوز
سرینگر/ BJP نے پلوامہ کے ضلعی صدر انجینئر سید شوکت گیور اندرابی کو بھتہ طلبی اور مبینہ مجرمانہ دھمکیوں کے الزام میں پولیس کی جانب سے FIR درج کیے جانے کے بعد تمام تنظیمی عہدوں سے معطل کردیا ہے۔
حکام کے مطابق نیوا پولیس چوکی، پلوامہ میں پیر کی شب ٹھیکیدار محمد یاسین غنی کی شکایت پر FIR درج کی گئی۔ شکایت میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ شوکت گیور نے گوردوارہ پربندھک کمیٹی، برٹھانہ کے لئے جاری کام کے سلسلے میں رقم کا مطالبہ کیا اور مطالبہ پورا نہ ہونے کی صورت میں پبلک سیفٹی ایکٹ (PSA) کے تحت کارروائی کی دھمکی دی۔
شکایت میں بھتہ خوری، مجرمانہ دھمکی، ناجائز طور پر روکنے، کام میں رکاوٹ ڈالنے، ہراساں کرنے اور غیر قانونی مطالبات سمیت مختلف الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
FIR کے بعد جموں کشمیر بھاجپا یونٹ ے گیور کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کرتے ہوئے انہیں پلوامہ ضلعی صدر سمیت تمام تنظیمی عہدوں اور ذمہ داریوں سے فوری طور پر معطل کردیا۔ یہ فیصلہ BJP J&K کی تادیبی کمیٹی کے چیئرمین ایڈووکیٹ سنیل سیٹھی کی سفارش پرجموں کشمیر بھاجپا یونٹ کے صدر ست شرما اور جنرل سیکریٹری محمد انور خان سے مشاورت کے بعد لیا گیا۔
پارٹی کے مطابق تادیبی کارروائی مکمل ہونے تک معطلی برقرار رہے گی۔ BJP نے نظم و ضبط، دیانت داری اور عوامی زندگی میں اخلاقی اقدار کے اعلیٰ معیار برقرار رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
تاہم شوکت گیور کے خلاف عائد الزامات ابھی عدالت میں ثابت نہیں ہوئے ہیں اور FIR فی الحال پولیس کی تفتیش کے مرحلے میں ہے۔


