جنگ نیوز ڈیسک
سرینگر/ یومِ آزادی کی 80ویں سالگرہ کے سلسلے میں محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ (DIPR) کے ثقافتی یونٹ اور فیلڈ پبلسٹی یونٹ نے GGHSS کوٹھی باغ اور GGHSS زڈی بل میں ’جشنِ آزادی‘ پروگرام منعقد کیے۔
کوٹھی باغ میں طالبات نے انفرادی اور اجتماعی طور پر ملی نغمے پیش کیے اور وطن سے محبت، آزادی اور قومی یکجہتی کے جذبات کا اظہار کیا۔ پروگرام کی صدارت ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن زبیر احمد لٹو نے کی، جبکہ کلچرل آفیسر عبدالرّقیب بٹ، فیلڈ پبلسٹی آفیسر شبیر احمد، اسسٹنٹ ایگزی بیشن اینڈ کلچرل آفیسر سید شکیل شان اور پرنسپل ڈاکٹر ثمینہ وانی سمیت اساتذہ و طالبات موجود تھے۔
معروف موسیقار امتیاز ملک، نعیم نقاش اور وحید علی نے طلبہ کی نغمہ خوانی میں سازوں کے ذریعے رفاقت کی۔
GGHSS زڈی بل میں بھی طالبات نے ملی نغمے پیش کیے۔ اس موقع پر DIPR افسران نے کہا کہ ثقافتی سرگرمیاں نوجوان نسل میں حب الوطنی، اتحاد، قومی وقار اور ذمہ دار شہری ہونے کا احساس اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
پروگرام کے اختتام پر شریک طلبہ، منصفین، موسیقاروں اور پرنسپل ڈاکٹر ثمینہ وانی کو ان کی شرکت اور تعاون کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا گیا۔


