
مسعود محبوب خان
ہجرتِ مدینہ کے بعد اسلامی ریاست ایک نازک مگر فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی تھی، جہاں بقا، شناخت اور استحکام تینوں بڑے سوال بن کر سامنے تھے۔ مدینہ منورہ میں ایمان، عدل اور اخوت کی بنیاد پر ایک نئی تہذیبی و سیاسی وحدت جنم لے رہی تھی، لیکن یہ نوخیز ریاست داخلی تعمیر کے ساتھ ساتھ بیرونی خطرات سے بھی دوچار تھی۔ قریشِ مکہ، جو برسوں کے ظلم و تشدد کے باوجود دعوتِ اسلام کو دبانے میں ناکام رہے تھے، ہجرت کے بعد مزید بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے۔ انہوں نے مسلمانوں کو مکہ سے بے دخل کر کے ان کے گھروں، زمینوں اور اموال پر قبضہ کر لیا اور پھر بھی دشمنی ختم نہ ہوئی۔ معاشی ناکہ بندی، سیاسی پروپیگنڈا اور عسکری دھمکیاں اس بات کا واضح ثبوت تھیں کہ قریش مدینہ میں ابھرتی اسلامی ریاست کو قبول کرنے پر آمادہ نہیں تھے۔
ایسے ماحول میں رسولِ اکرم ﷺ کی قیادت جذباتی ردِّعمل کے بجائے حکمت اور دور اندیشی کا مظہر تھی۔ قریش کے تجارتی قافلے کی نگرانی کے لیے ایک محدود جماعت کی روانگی دراصل جنگ کا اعلان نہیں بلکہ ایک معاشی و نفسیاتی دباؤ کی تدبیر تھی، تاکہ مسلمانوں کے ضبط شدہ حقوق کا کچھ ازالہ ہو اور قریش کو یہ پیغام ملے کہ مظلومیت اب شعوری جدوجہد میں بدل چکی ہے۔ مگر قریش نے اسے اپنے قبائلی غرور کے خلاف سمجھا اور مکمل جنگی تیاری کے ساتھ ایک مسلح لشکر بدر کی طرف روانہ کر دیا۔ یوں تاریخ کا وہ باب کھلا جس نے آنے والی صدیوں کی فکری و اخلاقی سمت متعین کر دی۔
17؍ رمضان المبارک 2؍ ہجری کو بدر کے تپتے میدان میں دو لشکر آمنے سامنے تھے: ایک طرف تعداد، اسلحہ اور ظاہری شان و شوکت کا غرور اور دوسری طرف ایمان، اطاعت اور مقصد کی سچائی۔ مسلمان تعداد اور وسائل میں کمزور تھے، مگر ان کے دل یقینِ محکم سے بھرے ہوئے تھے اور ان کی قیادت وحیِ الٰہی کی رہنمائی میں تھی۔ یہ معرکہ محض تلواروں کا تصادم نہ تھا بلکہ نظریات کی آزمائش تھی۔ بدر نے ثابت کر دیا کہ جب ایمان، اخلاص اور نظم ایک نقطے پر جمع ہو جائیں تو قلیل تعداد بھی تاریخ کا رخ موڑ سکتی ہے۔ اسی لیے بدر محض ایک واقعہ نہیں بلکہ صبر، قربانی اور توکل پر قائم اسلامی تاریخ کا سنگِ بنیاد ہے۔
یہ بھی محض اتفاق نہیں کہ اسلام کا پہلا فیصلہ کن معرکہ ماہِ رمضان میں پیش آیا۔ رمضان وہ مہینہ ہے جو انسان کو نفس پر قابو، صبر اور اللّٰہ پر کامل اعتماد کی تربیت دیتا ہے۔ بدر دراصل اسی روحانی تربیت کا عملی اظہار تھا۔ روزے کی حالت میں نفس کو قابو میں رکھنے والے یہی اہلِ ایمان میدانِ بدر میں خوف اور قلتِ وسائل کے باوجود ثابت قدم رہے۔ قرآن نے اسی لیے بدر کو "یومُ الفرقان” کہا، وہ دن جب حق اور باطل کے درمیان واضح حد قائم ہو گئی۔ رمضان اور بدر کا تعلق ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ جب تزکیۂ نفس اور عملی جدوجہد ایک ساتھ جمع ہو جائیں تو وہ تاریخ ساز قوت میں بدل جاتے ہیں۔ بدر اسی حقیقت کا زندہ ثبوت ہے۔
اگر آج کا مسلمان رمضان کو محض رسمِ عبادت کے بجائے تربیتِ کردار اور تجدیدِ عہد کا مہینہ بنا لے تو اس کے روزے اسے کمزور نہیں بلکہ مضبوط بنائیں گے۔ بدر ہمیں سکھاتی ہے کہ بھوک اور قلت انسان کو کمزور نہیں کرتیں؛ اصل قوت حق پر استقامت اور اللّٰہ پر اعتماد سے پیدا ہوتی ہے۔ رمضان انسان کو آسمان سے جوڑتا ہے اور بدر اسے زمین پر ذمّہ داری کا شعور دیتی ہے؛ ایک جھکنا سکھاتا ہے اور دوسرا اٹھ کھڑے ہونے کا حوصلہ دیتا ہے۔ جب یہ دونوں اللّٰہ کے لیے ہوں تو تاریخ کا رخ بھی بدل جاتا ہے۔
عصرِ حاضر میں مسلمان جس بحران سے دوچار ہے وہ صرف عسکری یا معاشی کمزوری کا نہیں بلکہ فکری انتشار، اخلاقی زوال اور اجتماعی بے ربطی کا بحران ہے۔ وسائل اور معلومات کی کمی نہیں، مگر مقصد دھندلا گیا ہے۔ ایسے میں بدر محض ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ ایک زندہ رہنما اصول ہے۔ یہ ہمیں یاد دلاتی ہے کہ کامیابی کا معیار کبھی صرف تعداد یا طاقت نہیں رہا۔ تین سو تیرہ افراد کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ اصل فیصلہ ایمان، واضح مقصد اور غیر متزلزل یقین سے ہوتا ہے۔ یہی وہ حقیقت ہے جسے فراموش کر کے آج کا مسلمان کثرت اور طاقت کی دوڑ میں اپنے اخلاقی اور فکری جوہر سے دور ہوتا جا رہا ہے۔
جنگِ بدر کا ایک اہم پیغام قیادت پر اعتماد ہے۔ بدر کے مجاہدین نے اختلاف کے باوجود انتشار پیدا نہیں ہونے دیا اور اجتماعی فیصلے کو ذاتی رائے پر ترجیح دی۔ یہی نظمِ اجتماعی کامیابی کی بنیاد بنا۔ آج ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہم قیادت پر تنقید تو کرتے ہیں مگر اس کی تعمیر میں کردار ادا نہیں کرتے۔ بدر ہمیں یاد دلاتی ہے کہ قیادت پر اعتماد اندھی تقلید نہیں بلکہ اجتماعی نظم کی ضرورت ہے، اور بغیر نظم کے کوئی جدوجہد بارآور نہیں ہو سکتی۔ اسی سے جڑا سبق نظم و ضبط کا ہے۔ بدر میں نہ کوئی خود ساختہ ہیرو تھا اور نہ انفرادی مہم جوئی؛ ہر شخص صف کا حصّہ بن کر اپنی ذمّہ داری ادا کر رہا تھا۔
آج ہم نعروں میں متحد مگر عمل میں منتشر نظر آتے ہیں، جب کہ بدر یہ سکھاتی ہے کہ تاریخ انفرادی جوش سے نہیں بلکہ اجتماعی نظم سے بنتی ہے۔ بدر کا ایک اور روشن پیغام اخلاقی برتری ہے۔ قیدیوں کے ساتھ حسنِ سلوک، وعدوں کی پابندی اور فتح کے بعد تکبر سے اجتناب اس بات کا ثبوت تھا کہ اسلام کی جدوجہد اقتدار نہیں بلکہ اقدار کی جدوجہد ہے۔ ان سب کے اوپر جو حقیقت نمایاں ہوتی ہے وہ اللّٰہ پر غیر متزلزل یقین ہے۔ بدر میں منصوبہ بندی اور تیاری بھی تھی، مگر اعتماد اللّٰہ کی نصرت پر تھا۔ یہی امتزاج یقین، تدبیر اور جدوجہد ناممکن کو ممکن بنا دیتا ہے۔
یوں عصرِ جدید میں بدر کا پیغام نہایت واضح ہے۔ اگر مسلمان جذبات کے بجائے شعور کو رہنما بنائیں، اخلاق کو محض وعظ نہیں بلکہ عملی قوت بنائیں اور فردیت سے نکل کر اجتماعیت کی طرف بڑھیں تو کمزوری طاقت میں، خوف اعتماد میں اور انتشار وحدت میں بدل سکتا ہے۔ بدر ہمیں یہ یقین دیتی ہے کہ تاریخ بند کتاب نہیں بلکہ زندہ عمل ہے؛ شرط صرف یہ ہے کہ ہم بدر کو صرف یاد نہ کریں بلکہ اپنے وقت اور اپنی ذمّہ داری کے ساتھ اسے جینے کی کوشش کریں۔
برصغیر کے مسلمان بھی ایک طویل تاریخی آزمائش سے گزر رہے ہیں۔ سیاسی اتار چڑھاؤ، سماجی دباؤ اور شناخت کے سوالات نے انہیں بارہا اضطراب میں مبتلا کیا ہے۔ ایسے ماحول میں بدر ہمیں یاد دلاتی ہے کہ قلت یا اقلیت مایوسی کی دلیل نہیں ہوتی۔ تین سو تیرہ افراد کا مختصر قافلہ جب تاریخ کا رخ موڑ سکتا ہے تو کروڑوں مسلمان بھی اپنے وقار اور شناخت کی حفاظت کر سکتے ہیں بشرطیکہ وہ خود کو کمزور سمجھنا چھوڑ دیں۔ اصل طاقت تعداد میں نہیں بلکہ یقین، نظم اور مقصد کی سچائی میں ہوتی ہے۔
بدر کا دوسرا بڑا سبق حق پر ثابت قدمی ہے۔ مسلمانوں کے پاس وقتی مصلحتوں کے راستے موجود تھے، مگر انہوں نے آسانی کے بجائے حق کا انتخاب کیا۔ برصغیر کے مسلمانوں کے لیے بھی یہی پیغام ہے کہ اگر اصول وقتی فائدوں کی نذر ہو جائیں تو بقا بے معنی ہو جاتی ہے۔ حق پر ڈٹے رہنا فوری کامیابی نہ بھی دے، مگر تاریخ میں عزت اسی راستے سے ملتی ہے۔ بدر یہ بھی سکھاتی ہے کہ دباؤ ہمیشہ شکست کی علامت نہیں ہوتا؛ آزمائشیں آتی ہیں مگر صبر اور استقامت بالآخر اپنا ثمر دکھاتے ہیں۔
بدر کا پیغام تصادم نہیں بلکہ تعمیری جدوجہد ہے: تعلیم کو ہتھیار بنانا، کردار کو دلیل بنانا، اتحاد کو قوت میں بدلنا اور آئینی و عوامی راستوں پر ثابت قدم رہنا۔ جو قوم اپنے بچوں کو علم، اپنے نوجوانوں کو شعور اور اپنے معاشرے کو اخلاق دیتی ہے اسے کوئی حاشیے پر نہیں دھکیل سکتا۔
جنگِ بدر محض تاریخ کا ایک واقعہ نہیں بلکہ ایک زندہ منشور ہے جو ہر دور کے اہلِ ایمان کو حال کی ذمّہ داری اور مستقبل کی سمت دکھاتا ہے۔ اس کی عظمت صرف فتح میں نہیں بلکہ اس پیغام میں ہے جو وہ کمزور مگر حق پر قائم لوگوں کو دیتی ہے۔
اگر بدر کے پیغام کو زندگی میں اتار لیا جائے تو کمزوری طاقت میں، خوف حوصلے میں اور انتشار وحدت میں بدل سکتا ہے۔ قرآن کا اعلان "وَلَقَدْ نَصَرَكُمُ اللّٰهُ بِبَدْرٍ وَأَنْتُمْ أَذِلَّةٌ” اسی حقیقت کی یاد دہانی ہے کہ اللّٰہ کی مدد اکثر وہیں سے شروع ہوتی ہے جہاں انسانی سہارے ختم ہو جاتے ہیں۔
بدر ہمیں یہ اعتماد دیتی ہے کہ کامیابی طاقت کے مظاہرے سے نہیں بلکہ ایمان کی پختگی، اخلاق کی بلندی اور اجتماعیت کی مضبوطی سے حاصل ہوتی ہے۔ بدر یہ سکھاتی ہے کہ تاریخ کا رخ بدلنے کے لیے بڑی تعداد یا بے پناہ وسائل نہیں بلکہ چند سچے دل، واضح مقصد اور اللّٰہ پر کامل یقین کافی ہوتے ہیں۔
آج کے مسلمان کے لیے بدر ایک آئینہ ہے جو ہماری کمزوریوں اور ہماری صلاحیتوں دونوں کو واضح کر دیتا ہے۔ رمضان کا یہ بابرکت مہینہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ روزے صبر سکھاتے ہیں، عبادت استقامت دیتی ہے اور دعا اسی وقت اثر رکھتی ہے جب وہ تدبیر اور عمل کے ساتھ جڑی ہو۔
بدر کا اصل تقاضا یہ ہے کہ ہم اسے صرف ایک تاریخی واقعہ نہ سمجھیں بلکہ اپنے رویّوں میں تبدیلی کا ذریعہ بنائیں۔ ہر دور کا بدر مختلف ہوتا ہے مگر اس کے اصول ایک ہی رہتے ہیں: ایمان کی پختگی، قیادت پر اعتماد، نظم و ضبط، قربانی، اخلاقی برتری اور اللّٰہ پر کامل یقین۔
بدر ہمیں یہ امید بھی دیتی ہے کہ اگر حالات سخت ہیں تو یہ انجام نہیں بلکہ تربیت کا مرحلہ ہو سکتا ہے۔ شرط صرف یہ ہے کہ ہم اپنی کمزوری کو مایوسی نہیں بلکہ دعا، تدبیر اور نظم کے ذریعے قوت میں بدلنے کا عزم کریں۔ یہی بدر کا پیغام اور رمضان کی اصل روح ہے۔ اللّٰہ ہمیں اسے سمجھنے اور اپنی زندگی میں زندہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
ززز


