جنگ نیوز ڈیسک
تھمپو// وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ بھارت اور بھوٹان کے تعلقات جذبات، امن اور ترقی کی مشترکہ قدروں پر قائم ہیں۔ بھوٹان میں بھارتی سفیر سندیپ آریہ کے مطابق، مودی نے بادشاہ جِگمے خِسَر نامگیل وانگچک سے ملاقات کے دوران کہا کہ دونوں ممالک کی شراکت اعتماد اور ترقی کی بنیاد پر استوار ہے۔ ملاقات میں رابطے کے فروغ، بدھ مت سے متعلق روحانی و مذہبی رشتوں کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ سفیر کے مطابق، بھوٹان کے بادشاہ نے بھارت سے لائے گئے مقدس بدھ متی تبرکات کی موجودگی پر مسرت کا اظہار کیا۔
سندیپ آریہ نے بتایا کہ توانائی کے شعبے میں تعاون بھی مذاکرات کا اہم پہلو رہا۔ دونوں رہنماؤں نے یاد دلایا کہ ہائیڈرو پاور شراکت کی بنیاد 1970 کی دہائی میں بھوٹان کے چوتھے بادشاہ کے دور میں رکھی گئی تھی۔ ملاقات کے دوران قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، جس میں شمسی، ہوائی، بایوماس، گرین ہائیڈروجن اور توانائی ذخیرہ کرنے کے منصوبے شامل ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسی موقع پر بھارت کی جانب سے 4000کروڑ روپے کی کریڈٹ لائن کا اعلان بھی کیا گیا۔ بھوٹان کے بادشاہ نے اس موقع پر بھارت، وزیر اعظم مودی اور ان کے وژن کے لیے خصوصی دعائیں کیں اور دہلی دھماکے کے متاثرین کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔


