نیوز ڈیسک
سری نگر/ہائی رینج رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی (ایچ آر ڈِی ایس )اِنڈیا نے آج صوبائی کمشنر جموں اورصوبائی کمشنر کشمیر کے ساتھ جموںوکشمیر آپریشن سندور اور حالیہ سیلاب میں تباہ شدہ مکانات کی دوبارہ تعمیر کے لئے مفاہمت نامے پر دستخط کئے ہیں۔
یہ اقدام لیفٹیننٹ گورنرمنوج سِنہا کی قیادت میں شروع کیا گیا ہے اور یہ اُن کے اس نظریۂ کا حصہ ہے جس کا مقصد آفاتِ سماوی اور دشمن کی طرف سے شہری آبادی پر بلا اِشتعال گولہ باری سے متاثرہ کنبوں کو بااِختیاراور اُن کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے راج بھون میں مفاہمت نامے پر دستخط کی تقریب کی صدارت کی ۔اُنہوں نے ایچ آر ڈِی ایس اِنڈیا کی اِنسان دوست نیک کوشش کی ستائش کی۔
ایچ آر ڈِی ایس اِنڈیا ، یونین ٹیریٹری بھر میں 1500 مفت مکانات تعمیر کرے گا۔ یہ مکانات تین بیڈروم پر مشتمل ’’سمارٹ ہاؤسز‘‘ ہوں گے جن میں آرام، تحفظ اور جدید سہولیات کو ترجیح دی جائے گی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’گھروں کی تعمیر صرف ڈھانچہ کھڑا کرنے کا عمل نہیں بلکہ یہ خوابوں کی تعبیر، نئی شروعات اور متاثرہ کنبوں کے لئے ایک نیا باب رقم کر ے گا۔ اِنسانی جانوں کا نقصان ناقابلِ تلافی ہوتا ہے لیکن یہ اَقدام ان کے دکھ درد کو ضرور کم کرے گا۔‘‘
اِس اقدام کے تحت ایچ آر ڈِی ایس اِنڈیا اور دونوں صوبوں کے صوبائی کمشنران اُن دہشت گردی کے متاثرہ کنبوں کی نشاندہی بھی کریں گے جن کے مکانات دہشت گرد حملوں میں تباہ ہو چکے ہیں۔اِس کے علاوہ ایچ آر ڈِی ایس اِنڈیاتمام کنبوں کے لئے 15 سالہ لائف اِنشورنس فراہم کرے گا۔ماہانہ طبی معائینہ یقینی بنائے گا اورہر گھر کو ڈیجیٹل کنکٹویٹی فراہم کرے گا۔
بی ایس این ایل کے اِشتراک سے تمام مستفیدکنبوں کو مفت اِنٹرنیٹ سہولیت فراہم کی جائے گی تاکہ تعلیم، رابطہ اور ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ مل سکے۔


