جنگ نیوز ڈیسک
ٹنگھدار کپواڑہ، 12 ستمبر: پاور گرڈ کارپوریشن آف انڈیا لمیٹڈ (POWERGRID) نے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (CSR) کے تحت تنگدھر کے جنگی عجائب گھر و پہاڑی ثقافتی مرکز میں قائم پاور گرڈ جنگی ہیروز گیلری بھارتی فوج کے حوالے کردی۔
اس موقع پر پاور گرڈ ناردرن ریجن-II کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شری ترون باجاج نے گیلری بھارتی فوج، تنگدھر کے حوالے کی۔ پاور گرڈ کے چیف جنرل منیجر (کشمیر) شری ارشد حسین خان، دیگر اعلیٰ حکام اور بھارتی فوج کے نمائندے بھی موجود تھے۔
بھارتی فوج کے اشتراک سے قائم گیلری کا مقصد تنگدھر کی فوجی تاریخ، بہادری اور تزویراتی اہمیت کو محفوظ کرنا اور ملک کے دفاع میں جانیں قربان کرنے والے فوجی اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔
یہ منصوبہ 20 لاکھ روپے کی لاگت سے پاور گرڈ اور بھارتی فوج کے درمیان مفاہمت کی یادداشت (MoU) کے تحت مکمل کیا گیا۔
شری ترون باجاج نے کہا کہ پاور گرڈ ایسے بامعنی CSR اقدامات کے لیے پرعزم ہے جو سماجی ترقی کے ساتھ ثقافتی و تاریخی ورثے کے تحفظ میں معاون ہوں۔ بھارتی فوج کے نمائندوں نے گیلری کے قیام پر پاور گرڈ کی کاوش کو سراہا۔
تنگدھر کا کرنہ سیکٹر 1947-48، 1965 اور 1971 کی جنگوں کے دوران اہم فوجی محاذ رہا ہے۔ گیلری سے مقامی فوجی تاریخ کے تحفظ اور نوجوانوں میں مسلح افواج کی خدمات و قربانیوں کے بارے میں آگاہی بڑھنے کی توقع ہے۔


