جنگ نیوز
نئی دہلی/برکس ممالک کے رہنماؤں نے 22 اپریل 2025 کے پہلگام دہشت گرد حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کی تمام شکلوں کے خلاف مشترکہ کارروائی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ حملے میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
نئی دہلی اعلامیے میں دہشت گردی کو اس کے محرکات سے قطع نظر ’’مجرمانہ اور ناقابلِ جواز‘‘ قرار دیتے ہوئے سرحد پار دہشت گردوں کی نقل و حرکت، دہشت گردی کی مالی معاونت اور انتہا پسند گروہوں کو محفوظ پناہ گاہوں کی فراہمی کے خلاف کارروائی پر زور دیا گیا۔
برکس رہنماؤں نے دہشت گردی کے خلاف صفر رواداری کی پالیسی اپنانے اور انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں میں دوہرے معیار کو مسترد کرنے کی اپیل کی۔ اعلامیے میں دہشت گردی کو کسی مذہب، قومیت، تہذیب یا نسلی گروہ سے منسلک کرنے کی بھی مخالفت کی گئی۔
برکس میں برازیل، روس، بھارت، چین، جنوبی افریقہ، مصر، ایتھوپیا، ایران، متحدہ عرب امارات اور انڈونیشیا شامل ہیں، جبکہ رواں سال بھارت برکس کی صدارت کررہا ہے۔


