جنگ نیوز ڈیسک
نئی دہلی/گریٹر نوئیڈا کے ایگزیکٹو مجسٹریٹ، جنہوں نے گوتم بدھ یونیورسٹی کے ایک طالب علم کو طلبہ کے احتجاج میں مبینہ طور پر مہم چلانے پر 5 لاکھ روپے کے ذاتی مچلکے کا نوٹس جاری کیا تھا، کو معطل کردیا گیا ہے۔
یہ اطلاع سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے جمعرات کو سپریم کورٹ کو دی۔ انہوں نے یہ بیان چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ کے سامنے طالب علم اکشت ترپاٹھی کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کے دوران دیا۔
طالب علم کو بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہتا (BNSS) کی دفعہ 130 کے تحت نوٹس جاری کیا گیا تھا۔
سینئر ایڈووکیٹ پی وی دنیش نے کہا کہ ایک مضبوط پیغام جانا چاہیے اور اس پر مجسٹریٹ کو معطل کیا جانا چاہیے۔ اس پر سالیسٹر جنرل نے عدالت کو بتایا کہ متعلقہ افسر پہلے ہی معطل کیا جاچکا ہے۔
سپریم کورٹ نے بدھ کو کہا تھا کہ وہ اس کارروائی پر مجسٹریٹ سے وضاحت طلب کرے گی۔


