یروشلم: اسرائیلی فوج نے اتوار کے روز کہا کہ اس کی افواج نے حماس کے عسکری ونگ کے ایک سینئر عسکریت پسند رہنما کو نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا ہے۔ اسلامی تحریک کے القسام بریگیڈ نے بھی ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ سات اکتوبر سال 2023 کو اسرائیل پر حماس کے حملے کی منصوبہ بندی میں کلیدی کردار ادا کرنے والے فوجی رہنما سمیر ابو یونس سنیچر کے روز جاں بحق ہو گئے۔ اتوار کی صبح سویرے اندرونی سلامتی کی ایجنسی شن بیت کے ساتھ ایک مشترکہ بیان میں اسرائیلی فوج نے کہا کہ "کچھ دیر قبل، آئی ڈی ایف اور آئی ایس اے نے حماس کے عسکری ونگ کے ایک سینئر دہشت گرد کو نشانہ بنایا۔” اسرائیل نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں تاہم کہا کہ وہ بعد میں مزید معلومات فراہم کریں گے۔ وہیں القسام بریگیڈ نے ٹیلی گرام پر پوسٹ میں کہا کہ "وہ کل شام… ایک بزدلانہ قاتلانہ کارروائی میں شہید ہو گئے” اور مزید کہا کہ یونس "سات اکتوبر کے حملے کی منصوبہ بندی اور نگرانی میں شامل اہم ترین کمانڈروں میں سے ایک تھے۔” نصف شب کے کچھ ہی دیر بعد ایک سکیورٹی ذریعے نے اے ایف پی کو بتایا کہ القسام کے رفح بریگیڈ کے کمانڈر یونس "خان یونس کے مغرب میں المواسی میں کچھ لمحے قبل نشانہ بنا کر کیے گئے ” ایک حملے میں ہلاک ہو گئے۔


