بنکاک:
جنوبی تھائی لینڈ میں پیر کی صبح ایک عمارت میں خوفناک آگ لگ گئی۔ حکام نے اس حادثے میں تقریباً 11 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ حکام نے مزید بتایا کہ آگ فوکٹ کی ایک عمارت میں رات تقریباً دو بجے لگی، جس کے گراؤنڈ فلور پر موٹر سائیکل رینٹل شاپ اور اوپری منزلوں پر رہائش گاہیں موجود ہیں۔ آگ بجھانے والے عملے کو آگ پر قابو پانے میں تقریباً ایک گھنٹہ لگا۔
اس حادثے میں 17 دیگر افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ فوکٹ کے پولیس کمانڈر سوراچائی سوکسائی نے کہا کہ حکام ابھی تک آگ لگنے کی وجوہات کی جانچ کر رہے ہیں، تاہم ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ آتشزدگی سے کچھ دیر قبل عمارت کے قریب واقع ایک برقی ٹرانسفارمر میں دھماکہ ہوا تھا۔
فوکٹ کے سرکاری اہلکار چوڈنارن کوئڈسوم نے بتایا کہ رینٹل شاپ میں تقریباً 100 موٹر سائیکلیں کھڑی تھیں، اس کے علاوہ وہاں گیس، انجن آئل، پلاسٹک کا سامان اور ٹائر بھی رکھے ہوئے تھے۔ ان کے مطابق اس آتش گیر سامان کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیلی اور عمارت میں گھنا، زہریلا دھواں بھر گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ متاثرین آگ سے بچنے کے لیے اوپری منزلوں کی طرف بھاگنے کی کوشش کر رہے تھے؛ ایک لاش تیسری منزل سے جب کہ دیگر 10 لاشیں پانچویں منزل سے برآمد ہوئیں۔ واضح رہے کہ فوکٹ جنوبی تھائی لینڈ کے ایک جزیرے پر واقع ہے اور ایک مشہور سیاحتی مقام ہے۔


