جنگ نیوزڈیسک
سرینگر: جموں و کشمیر یونائیٹڈ پیپلز الائنس (JKUPA) نے مشتبہ گوشت، مرغی اور پیک شدہ مچھلی کی مبینہ غیر قانونی فروخت پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے اسے عوامی صحت اور مذہبی جذبات کے لئے سنگین خطرہ قرار دیا۔
صدر سید سلیم گیلانی کی قیادت میں وفد نے اتوار کو ڈویژنل کمشنر کشمیر انشل گرگ (IAS) سے ملاقات کرکے سڑے گوشت کے معاملے اور عوامی مسائل پر یادداشت پیش کی۔
وفد نے پیک شدہ گوشت کی مصنوعات پر حلال تصدیق، جانوروں کی نوعیت، سپلائر، تاریخِ پیکنگ اور تاریخِ تنسیخ جیسی ضروری معلومات درج نہ ہونے پر تشویش ظاہر کی۔ سید سلیم گیلانی اور مذہبی اسکالر حجۃ الاسلام آغا ڈاکٹر سید مدثر رضوی نے کہا کہ غیر محفوظ گوشت کی مبینہ فروخت عوامی صحت اور مذہبی جذبات کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
JKUPA نے ملوث افراد کی فوری گرفتاری، شفاف تحقیقات، قصورواروں کو سخت سزا اور مشتبہ و غیر معیاری گوشت کی درآمد پر مکمل پابندی کا مطالبہ کیا۔
وفد نے بجلی کے بلوں میں مبینہ بے ضابطگیوں، غیر اعلانیہ کٹوتیوں، پینے کے پانی کی قلت، آلودہ پانی، طبی سہولیات کی کمی، زندگی بچانے والی ادویات کی عدم دستیابی اور محکمہ مال سے متعلق عوامی مشکلات بھی اٹھائیں۔
ڈویژنل کمشنر نے وفد کو یقین دلایا کہ عوامی صحت اور مذہبی جذبات سے کھلواڑ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی اور دیگر مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
وفد میں محمد اکبربٹ، پیرزادہ محمد سلطان مخدومی، غلام نبی کھٹانہ، خورشید احمد خان، سید فیاض بخاری اور دیگر شامل تھے۔


