کیسر خان قیس
ٹنگواری بالا ضلع بارہ مولہ
ساغر کی طلب کیسی، آنکھوں سے پلائی ہے
اب ہوش کہاں باقی، اک ہوش ربائی ہے
اس قیدِ محبت میں، کیا لطف ملا ہم کو
اے عشق ترے در سے، ممکن نہ رہائی ہے
جب ٹوٹ گیا دل ہی، پھر مے کا مزا کیسا
اس جام کے اندر تو، اک دردِ جدائی ہے
واعظ نے ڈرایا تھا، دوزخ کے عذابوں سے
میخانے میں بیٹھے ہیں، نیت کی بھلائی ہے
موجوں کی روانی میں، کشتی کو اتارا ہے
ساحل پہ کھڑے رہنا اک شانِ گدائی ہے
دنیا تو چمکتی ہے، جھوٹے ہی اجالوں سے
مٹی کے کھلونوں پر، رنگت یہ طلائی ہے
محفل کی نگاہوں میں، ہنستے ہیں بظاہر ہم
اندر کی اداسی تو، کس کو یہ دکھائی ہے
الفاظ ضروری کیا، اظہارِ محبت میں
خاموش نگاہوں میں، جذبے کی صفائی ہے
قربت کے تکلف سے، بیزار طبیعت ہے
اس درد کی لذت میں، اک وصلِ جدائی ہے
بدنام ہوئے ہم تو، الفت کے زمانے میں
اس عشق کی تہمت میں، پوشیدہ بھلائی ہے
خود اپنے ہی سائے سے، کتراتے ہیں ہم اکثر
خود اپنے ہی باطن سے، اپنی ہی لڑائی ہے
حیران پرندے ہیں، پرواز کی رفعت پر
اے قیس ستاروں تک، اب میری رسائی ہے


