جنگ نیوز+ہ س
تصویر: عادل بشیر
سرینگر/وزیر تعلیم شمیمہ فردوس نے نجی اسکولوں کی جانب سے بھاری فیسوں، مہنگی کتابوں اور وردیوں کے نام پر والدین کو پریشان کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔
وہ پیر کو نوائے کدل سرینگر کے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول میں آٹھویں جماعت تک کے طلبہ میں مفت درسی کتابیں تقسیم کرنے کی تقریب کے بعد نامہ نگاروں سے بات کر رہی تھیں۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ متعدد نجی اسکول اپنی مرضی کے قواعد نافذ کرکے والدین پر فیس، کتابوں اور وردیوں کا بوجھ ڈالتے ہیں، جبکہ غریب بچوں کو داخلہ دینے میں بھی لیت و لعل سے کام لیتے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت ان معاملات کا حل نکالنے کے لئے سخت اقدامات کرے گی۔
شمیمہ فردوس نے کہا کہ نجی اسکولوں کو تعلیم فراہم کرنے پر کوئی اعتراض نہیں، تاہم والدین پر مخصوص کتابیں، وردیاں اور دیگر اشیا مسلط کرنا درست نہیں۔ حکومت چاہتی ہے کہ نجی اسکول جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن (جے کے بوس) کا نصاب اپنائیں تاکہ سرکاری اور نجی اداروں میں یکساں نصاب رائج ہو۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں مفت کتابوں اور وردیوں کی فراہمی سے والدین اپنے بچوں کو سرکاری اداروں میں داخل کرانے کی جانب راغب ہوں گے۔
عارضی اساتذہ کے مسائل پر وزیر تعلیم نے کہا کہ حکومت ان کی زندگیوں میں بہتری لانے کی خواہاں ہے، تاہم جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ بحال ہونے سے عارضی اساتذہ اور دیگر یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔


