جنگ نیوز
جموں/دیوالی کے دوران جموں صوبے میں آتشزدگی کے واقعات نے تشویشناک صورتحال اختیار کرلی، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں آگ لگنے کے 60 واقعات پیش آئے، جن میں 35 صرف ضلع جموں میں رپورٹ ہوئے۔
محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے مطابق، 8 نومبر کی شام سے محض 5 گھنٹوں میں ضلع جموں میں آگ لگنے کے 16 واقعات پیش آئے۔ صورتحال سے نمٹنے کے لئے اہم مقامات پر پہلے ہی فائر ٹینڈرز تعینات کیے گئے تھے۔
پہاڑی محلہ میں پانچ منزلہ عمارت میں آگ بجھانے کے لئے 7 گاڑیاں روانہ کی گئیں، جبکہ ایک گودام اور تجارتی عمارت میں بھڑکنے والی بھیانک آگ پر قابو پانے کے لئے 18 گاڑیاں تعینات کرنا پڑیں۔ اس واقعے میں 7 دکانیں متاثر ہوئیں، تاہم متعدد ملحقہ دکانوں کو تباہ ہونے سے بچا لیا گیا۔
گارڈن اسٹیٹ میں شادی کے خیمے اور شالیمار میں جنتا میڈیکل اسٹور میں بھی آگ بھڑک اٹھی، جن پر بالترتیب 4 اور 5 فائر ٹینڈرز کی مدد سے قابو پایا گیا۔
ادھر محکمہ نے گودام میں آتشزدگی کے مقام پر ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر سے پہنچنے کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پہلی گاڑیاں اطلاع ملنے کے 20 منٹ کے اندر جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوچکی تھیں، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج بھی اس کی تصدیق کرتی ہے۔


