جنگ نیوز+ کے این او
نیشنل کانفرنس سرینگر لوک سبھا حلقے کے ضمنی انتخاب میں سینئر رہنما اور حضرت بل کے رکن اسمبلی سلمان ساگر کو امیدوار بنانے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق سلمان ساگر اس نشست کے لئے مضبوط امیدوار کے طور پر ابھرے ہیں، تاہم حتمی فیصلہ ابھی نہیں لیا گیا ہے۔ سابق میئر سرینگر سلمان ساگر کو شہر کے بعض علاقوں میں نمایاں حمایت حاصل ہے اور ان کا خاندان طویل عرصے سے نیشنل کانفرنس سے وابستہ ہے۔
واضح رہے کہ سلمان ساگر نے 2024 کے اسمبلی انتخابات میں حضرت بل نشست سے پی ڈی پی امیدوار آسیہ نقاش کو 10,295 ووٹوں کے فرق سے شکست دی تھی۔ انہیں 18,890 جبکہ آسیہ نقاش کو 8,595 ووٹ ملے تھے۔
سرینگر پارلیمانی نشست سابق رکن پارلیمان آغا روح اللہ مہدی کے 3 نومبر 2026 کو استعفے کے بعد خالی ہوئی ہے۔ قانون کے مطابق اس نشست پر ضمنی انتخاب 2 مئی 2027 سے قبل منعقد ہونا لازمی ہے۔


