بلال بشیر بٹ
جنگ نیوز
کشمیر کے معروف مورخ کلہن کی 12ویں صدی کی سنسکرت تصنیف ’راج ترنگنی‘ کو یونیسکو کے ’میموری آف دی ورلڈ‘ ایشیا پیسیفک علاقائی رجسٹر میں شامل کرلیا گیا ہے، جس سے کشمیر کے تاریخی اور ادبی ورثے کو عالمی سطح پر شناخت حاصل ہوئی ہے۔
یہ نادر قلمی نسخہ سری نگر کے ایس پی ایس لائبریری کمپلیکس میں واقع اورینٹل ریسرچ لائبریری میں محفوظ ہے۔ انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں منعقدہ یونیسکو کے 11ویں اجلاس میں بھارت کی تین تاریخی تصانیف کو اس اعزاز کے لئے منتخب کیا گیا، جن میں ’راج ترنگنی‘ کے علاوہ مہابھارت کا قلمی نسخہ اور کوٹلیہ کی ’ارتھ شاستر‘ شامل ہیں۔
12ویں صدی میں سنسکرت زبان میں لکھی گئی ’راج ترنگنی‘ میں کشمیر کے قدیم حکمرانوں، مختلف سلطنتوں، سیاسی حالات اور سماجی زندگی کی تفصیلی تاریخ درج ہے۔ یہ تصنیف کشمیر کی قدیم روایات سے لے کر راجہ جے سمہا کے عہد تک کے تاریخی واقعات کا احاطہ کرتی ہے۔


