جنگ نیوز
سرینگر/ جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن (JKBOSE) کے سالانہ امتحانات کے آغاز کے ساتھ پیر کو دسویں جماعت کے امتحانات میں تقریباً 97 ہزار طلبہ نے شرکت کی۔ امتحانات کشمیر اور جموں ڈویژن کے بعض سرمائی علاقوں میں 1003 مراکز پر منعقد ہوئے۔
بورڈ کے مطابق، دسویں جماعت کے لئے مجموعی طور پر 97500 طلبہ درج ہیں، جن میں کشمیر سے 72232 اور جموں ڈویژن کے سرمائی علاقوں سے 25268 طلبہ شامل ہیں۔
بورڈ کے چیئرمین غلام حسن شیخ کے مطابق، دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے مجموعی طور پر 2.70 لاکھ طلبہ امتحانات میں شامل ہوں گے، جن کے لئے 2402 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امتحانی عملے کی تعیناتی سمیت تمام انتظامات مقررہ وقت سے پہلے مکمل کرلئے گئے ہیں۔ دسویں جماعت کے طلبہ کو گھبرانے کی ضرورت نہیں، کیونکہ سوالیہ پرچے معمول کے مطابق اور قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے تحت مقررہ تعلیمی معیار کے مطابق تیار کیے گئے ہیں۔


