جموں کشمیر کے ڈوڈہ ضلع کے جٹھیلی محالہ علاقے میں ہفتہ کو ایک دلخراش سڑک حادثہ میں دو خواتین ہلاک جبکہ پانچ دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ہفتہ کو بعد دوپہر محالہ – ڈوڈہ سڑک پر ایک ٹیمپو زیر رجسٹریشن نمبری Jk06B-8096 سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں جا گرا جس کے نتیجے میں 2 خواتین موقع پر ہی فوت ہوئیں جبکہ ٹیمپو میں سوار 5 دیگر زخمی ہوئے۔
حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ پولیس ،سیول انتظامیہ کے اہلکار موقع پر پہنچے اور بچاؤ کاروائی شروع کی۔ اس دوران سبھی زخمیوں کو بازیاب کرکے گورنمنٹ میڈیکل کالج و اسپتال ڈوڈہ منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے آشا دیوی (30) زوجہ اجے شرما ساکنہ جٹھیلی اور میناکشھی دیوی (29) زوجہ شیو کمار ساکنہ جٹھیلی کو مردہ قرار دیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں سے 35سالہ شیو کمار ولد بھارت بھوشن ساکنہ جٹھیلی کو ابتدائی طبی علاج کے بعد گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا وہیں شیونیش (3)،اجے شرما (33)،ترشن (2) و نصیب سنگھ (35)گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ میں زیر علاج ہیں۔
اس ضمن میں مقامی پولیس نے حادثہ کی نسبت کیس درج کرکے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔ پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ طبی و قانونی لوازمات کی تکمیل کے بعد خواتین کی جسد خاکی کو قانونی ورثاء کے سپرد کر دیا جائے گا تاکہ ان کی آخری رسومات ادا کی جا سکیں۔


