جنگ نیوز ڈیسک
خبر:
سری نگر، 05 مئی: جموں و کشمیر بینک نے مالی سال 2025-26 کے لیے 2363.47 کروڑ روپے کا اب تک کا سب سے زیادہ سالانہ منافع درج کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ بینک کے منافع میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 13 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے، حالانکہ ابتدائی مدت میں 179 کروڑ روپے کی ایک وقتی مالی ایڈجسٹمنٹ بھی شامل رہی۔
بینک نے چوتھی سہ ماہی میں بھی شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے تقریباً 800 کروڑ روپے کا خالص منافع حاصل کیا، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے 584 کروڑ روپے کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق بینک کے کل کاروبار میں 13.61 فیصد اضافہ ہو کر 2.90 لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ گیا، جبکہ جمع شدہ رقوم 1.65 لاکھ کروڑ اور قرضہ جات 1.22 لاکھ کروڑ روپے تک بڑھ گئے۔
اثاثہ جاتی معیار میں بھی بہتری دیکھنے میں آئی ہے، جہاں مجموعی غیر کارکردہ اثاثے کم ہو کر 2.5 فیصد رہ گئے، جبکہ پروویژن کوریج شرح 90 فیصد سے زائد برقرار رہی۔
بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر امیتاوا چٹرجی نے کہا کہ یہ کامیابی ادارے کی مضبوط حکمت عملی، بہتر مالی نظم و نسق اور صارفین کے اعتماد کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بینک آئندہ مرحلے میں ترقی کی رفتار کو تیز کرنے، خوردہ قرضوں کے فروغ، چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کی معاونت اور زرعی شعبے میں مالی بہاؤ بڑھانے پر توجہ مرکوز رکھے گا۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برسوں میں بینک نے سماجی ذمہ داری کے تحت صحت، تعلیم، ماحولیات اور ہنر مندی کے فروغ پر تقریباً 100 کروڑ روپے خرچ کیے، جو معاشرے میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ بن رہے ہیں۔


