جنگ نیوز
سری نگر/جموں و کشمیر بینک کی 1356 اسامیوں پر بھرتی کے لئے جاری نوٹیفکیشن کے بعد عمر کی بالائی حد اور ریزرویشن پالیسی پر بحث چھڑ گئی ہے۔ سیاسی رہنماؤں، امیدواروں اور عوامی حلقوں نے عمر کی حد 30 سے بڑھا کر 40 سال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
بینک نے 323 پروبیشنری آفیسر (PO) اور 1033 بینکنگ ایسوسی ایٹ اسامیوں کے لئے درخواستیں طلب کی ہیں۔ آن لائن درخواستوں کا عمل 7 نومبر سے شروع ہوکر 26 نومبر تک جاری رہے گا، جبکہ امتحانات انسٹی ٹیوٹ آف بینکنگ پرسنل سلیکشن (IBPS) منعقد کرے گا۔ یکم جنوری 2026 تک امیدواروں کی عمر 20 سے 30 سال کے درمیان ہونی چاہیے، تاہم مخصوص زمروں کو عمر میں رعایت حاصل ہوگی۔
ریزرویشن پالیسی کے تحت 60 فیصد اسامیاں مخصوص زمروں اور 40 فیصد اوپن میرٹ کے لئے مختص ہیں۔ ان میں درج فہرست قبائل کے لئے 20 فیصد، پسماندہ علاقوں اور معاشی طور پر کمزور طبقوں کے لئے 10،10 فیصد، درج فہرست ذاتوں اور دیگر پسماندہ طبقات کے لئے 8،8 فیصد جبکہ ایل او سی اور بین الاقوامی سرحد سے متصل علاقوں کے رہائشیوں کے لئے 4 فیصد کوٹہ شامل ہے۔
عوامی حلقوں نے بھی بینک انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ بڑھتی بے روزگاری اور بھرتی میں تقریباً 6 سال کے وقفے کو مدنظر رکھتے ہوئے عمر کی بالائی حد پر نظرثانی کی جائے اور اسے جے کے ایس ایس بی کے مقررہ معیار یعنی 40 سال کے مطابق کیا جائے۔
امیدواروں کا کہنا ہے کہ سابقہ بھرتی میں پی او اسامیوں کے لئے عمر کی حد 32 سال تھی، جسے اب کم کرکے 30 سال کر دیا گیا ہے۔ پی او امیدواروں کا انتخاب ابتدائی، مرکزی امتحان اور انٹرویو کے ذریعے ہوگا، جبکہ بینکنگ ایسوسی ایٹ اسامیوں کے لئے آن لائن امتحان لیا جائے گا۔ امتحانات کی تاریخوں کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا ہے۔
بینک کی شرائط پر سیاسی ردعمل
پی ڈی پی رکن اسمبلی پلوامہ وحید الرحمٰن پرہ نے عمر کی حد پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے ہزاروں امیدوار بھرتی کے عمل سے باہر ہوجائیں گے۔ انہوں نے پوچھا کہ جب جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ (JKSSB) میں عمر کی بالائی حد 40 سال ہے تو بینک نے اسے 30 سال کیوں مقرر کیا ہے۔
سی پی آئی (ایم) رہنما اور رکن اسمبلی محمد یوسف تاریگامی نے بڑھتی بے روزگاری کے پیش نظر عمر کی حد پر نظرثانی اور اسے جے کے ایس ایس بی کے معیار کے مطابق کرنے کی اپیل کی۔ پی ڈی پی کے رکن اسمبلی منتظر مہدی نے بھی عمر کی حد 40 سال کرنے کا مطالبہ کیا۔
آپ کو یاد ہوگا!


