جنگ نیوز ڈیسک
سری نگر/ وزیر صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ ایتو نے چھانہ پورہ حلقہ انتخاب میں صحت کے شعبے اور طبی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے بنیادی ڈھانچے اور عوام کو معیاری طبی خدمات کی فراہمی پر زور دیا۔
اجلاس میں چھانہ پورہ کے رکن اسمبلی مشتاق گورو، پرنسپل جی ایم سی سری نگر اور محکمہ صحت و طبی تعلیم کے دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔ سکینہ ایتو نے ادویات، طبی عملے، تشخیصی سہولیات اور طبی آلات کی دستیابی کا جائزہ لیتے ہوئے خامیوں کو دور کرنے کے لئے وقت مقررہ لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت دی۔
بعد ازاں وزیر نے گورنمنٹ کمیونٹی ہیلتھ سینٹر سرنکوٹ میں ڈائیلاسس یونٹ کا ای۔افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سہولت سے ڈائیلاسس کے مریضوں کو فائدہ ہوگا اور انہیں علاج کے لئے دور دراز علاقوں کا سفر نہیں کرنا پڑے گا۔
اس موقع پر سرنکوٹ کے رکن اسمبلی چودھری محمد اکرم اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔


