جنگ نیوز ڈیسک
سری نگر/نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (NIT) سری نگر نے کشمیری زبان کے تحفظ اور فروغ کے لئے KATHE 2026 کے نام سے قومی سطح کے مصنوعی ذہانت مقابلے کا اعلان کیا ہے۔
گاش لیب، این آئی ٹی سری نگر کی جانب سے بیورو آف انڈین اسٹینڈرڈز (BIS) کے اشتراک سے منعقد ہونے والے اس مقابلے میں انگریزی سے کشمیری مشینی ترجمے کے ماڈلز تیار کیے جائیں گے۔ یونیورسٹی آف کشمیر علمی شراکت دار جبکہ GitHub مرکزی معاون ہے۔
مقابلے میں ملک بھر کے طلبہ حصہ لے سکتے ہیں اور آن لائن اندراج و ماڈلز جمع کرانے کی آخری تاریخ 17 اگست 2026 ہے۔ مقابلے کا آخری مرحلہ 21 اگست کو این آئی ٹی سری نگر میں ہوگا، جہاں منتخب ٹیمیں اپنے مصنوعی ذہانت ماڈلز کا عملی مظاہرہ کریں گی۔
منتظمین کے مطابق مقابلے کا مقصد کشمیری جیسی کم وسائل والی زبان کے لئے جدید لسانی ٹیکنالوجی کو فروغ دینا اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے ملک کے لسانی ورثے کے تحفظ میں نوجوانوں کو شامل کرنا ہے۔


