نیوز ڈیسک
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں ایسا سیاحتی ماڈل اختیار کرنے کی ضرورت ہے جو ذمہ دارانہ، دیرپا اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والا ہو، تاکہ قدرتی وسائل کا تحفظ بھی یقینی بنایا جا سکے اور مقامی آبادی کو بھی ترقی کے مساوی مواقع ملیں۔
سرینگر میں ٹورسٹ ٹریڈ انٹرسٹ گلڈ کے زیر اہتمام منعقدہ "ایتھیکل ٹورازم کنکلیو” سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاحت محض ایک صنعت نہیں بلکہ ایک اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی اصل طاقت اس کا قدرتی حسن اور ثقافتی ورثہ ہے، جسے آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ حالیہ برسوں میں سیاحوں کی آمد، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، تاہم اصل کامیابی اسی وقت ہوگی جب اس کے ثمرات کشتی بانوں، ٹٹو مالکان، دستکاروں، ہوم سٹے چلانے والے خاندانوں اور دیگر مقامی افراد تک بھی پہنچیں۔
انہوں نے ماحول دوست ہوم سٹے اور ہوٹلوں کے لیے سرٹیفکیشن نظام، نوجوانوں کی تربیت اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے سیاحوں کو براہِ راست مقامی آبادی سے جوڑنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔


