جنگ نیوز
سرینگر/ وزیراعظم نریندر مودی نے شری امرناتھ یاترا پر روانہ ہونے والے یاتریوں سے مقامی مصنوعات کی خریداری پر خرچ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے پانچ عہد اختیار کرنے کی تلقین کی ہے۔ ان میں صفائی، حفاظتی ہدایات پر عمل، مقامی روزگار کی حمایت، ماحولیات کے تحفظ اور ’’نیشن فرسٹ‘‘ کے جذبے کو فروغ دینا شامل ہے۔
وزیراعظم کا خصوصی پیغام یاترا کے پہلے روز جموں و کشمیر انتظامیہ کی جانب سے ننون اور بالتل بیس کیمپوں میں پمفلٹ کی صورت میں یاتریوں میں تقسیم کیا گیا۔
اپنے پیغام میں مودی نے کہا کہ یاتری اپنی مجموعی یاترا کے اخراجات کا کم از کم 10 فیصد حصہ مقامی مصنوعات پر خرچ کریں تاکہ جموں و کشمیر کے مقامی کاروبار اور نوجوانوں کے روزگار کو فروغ مل سکے۔ انہوں نے یاتریوں سے صفائی برقرار رکھنے، انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے، خراب موسم میں احتیاط برتنے اور ’’ایک پیڑ ماں کے نام‘‘ مہم میں حصہ لینے کی بھی اپیل کی۔
وزیراعظم نے شری امرناتھ شرائن بورڈ، جموں و کشمیر انتظامیہ، سیکورٹی فورسز، طبی عملے، صفائی کارکنوں اور مقامی رضاکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ رواں سال کی یاترا قومی یکجہتی، عقیدت اور بے لوث خدمت کی مثال بنے گی۔


