ممبئی
ممبئی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں مسلسل ہورہی موسلادھار بارش نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز بارش اور 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے باعث شہر میں 99 سے زائد درختوں اور شاخوں کے گرنے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ اس کے علاوہ 13 شارٹ سرکٹ، دیوار گرنے اور پانی جمع ہونے کے متعدد واقعات نے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات (IMD) نے ممبئی، تھانے، پالگھر اور رائے گڑھ کے لیے اگلے کچھ گھنٹوں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے انتہائی شدید بارش کی وارننگ دی ہے۔
BMC کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں شہر کے مختلف حصوں سے درخت گرنے کے 99 سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ اسی طرح 13 مقامات پر شارٹ سرکٹ کے واقعات پیش آئے، جبکہ دیوار گرنے اور پانی بھرنے کے 6 کیسز سامنے آئے۔ مسلسل بارش کے باعث کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، جس سے ٹریفک اور روزمرہ سرگرمیاں متاثر ہوئیں
چار افراد کی موت
بارش سے وابستہ حادثات میں اب تک چار افراد کی موت ہوچکی ہے جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ کھارگھر میں 17 سالہ ایک نوجوان تالاب میں ڈوب کر ہلاک ہو گیا۔ بھیوَنڈی میں 26 سالہ نوجوان کرنٹ لگنے سے جان کی بازی ہار گیا۔ جنوبی ممبئی کے وکیشور علاقے میں عمارت کا ایک حصہ گرنے سے 51 سالہ شخص کی موت ہو گئی۔ جبکہ نوی ممبئی کے کاموٹھے علاقے میں ایک عمارت کی چھت گرنے سے 45 سالہ شخص کی موت ہوگئی ۔
اس کے علاوہ نوی ممبئی کے نیرول میں پانی جمع ہونے کے دوران بجلی کے کرنٹ کی زد میں آ کر دو لڑکیاں زخمی ہو گئیں۔ یہ واقعہ شدید بارش کے دوران کھلے بجلی کے تاروں اور پانی جمع ہونے سے پیدا ہونے والے خطرات کی سنگینی کو بھی ظاہر کرتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ممبئی اور اس کے مضافاتی علاقوں میں اگلے کچھ گھنٹوں تک شدید سے انتہائی شدید بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ رات اور جمعہ کی صبح بعض مقامات پر انتہائی شدید بارش کا امکان ہے۔ تیز ہوائیں بھی 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں۔ اسی وجہ سے انتظامیہ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں کو الرٹ پر رکھا گیا ہے


