جب بھی ترنگا لہرایا جاتا ہے، ہر ہندوستانی کے دل سے قدرتی طور پر یہ نعرہ اٹھتا ہے بھارت ماتا کی جے! وندے ماترم!
جنگ نیوز ڈیسک
وزیر اعظم نریندر مودی نے قومی گیت ’وندے ماترم‘ کے 150 سال مکمل ہونے کے موقع پر یادگاری تقریب کا افتتاح کیا اور اس موقع پر یادگاری سکہ اور ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا۔
وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’وندے ماترم‘ محض الفاظ نہیں بلکہ ایک منتر، توانائی، خواب اور عزم ہے جو ماں بھارتی کے تئیں عقیدت اور روحانی جذبے کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ گیت بھارت کی ابدی روح اور لازوال نظریہ کا خلاصہ ہے، جو ہمیں ماضی سے جوڑتا اور مستقبل کے اعتماد سے بھر دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوآبادیاتی دور میں یہ گیت آزادی کا نعرہ بن گیا، جس نے ہر انقلابی کے دل میں جوش پیدا کیا۔ ان کے مطابق، "وندے ماترم ہندوستان کی جدوجہدِ آزادی کی آواز تھی، اور آج بھی یہ جذبہ ہمیں اپنی آزادی کی حفاظت کا سبق دیتا ہے۔”
وزیر اعظم نے کہا کہ بنکم چندر چٹرجی کی یہ تخلیق غلامی کے اندھیروں میں ایک روشنی بنی، جس نے ایک خوشحال اور خوددار بھارت کا خواب دکھایا۔ انہوں نے کہا کہ وندے ماترم کا پہلا مصرعہ “سجلم سفلم ماترم” فطرت کی خدائی نعمتوں سے مزین ماں بھارتی کو خراجِ عقیدت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی ترنگا لہرایا جاتا ہے، ہر ہندوستانی کے دل سے قدرتی طور پر یہ نعرہ اٹھتا ہے — بھارت ماتا کی جے! وندے ماترم!
وزیر اعظم نے زور دیا کہ وندے ماترم کے پیغام میں خود اعتمادی، قومی وقار اور خواتین کی قیادت کا عزم شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا بھارت علم، سائنس، ٹیکنالوجی اور خود انحصاری کی راہ پر گامزن ہے۔
اختتام پر وزیر اعظم نے کہا کہ وندے ماترم کا منتر ترقی یافتہ بھارت کی سمت ہماری رہنمائی کرتا رہے گا۔
اس موقع پر مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت، دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔


