جناب فاروق احمد شاہ صاحب
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ،
امید قوی ہے کہ آپ مع اہل و عیال بخیر و عافیت ہوں گے۔ سال 2019 کے بعد آج پہلی بار میری بات آپکے ساتھ اس خط کے ذریعے ہورہی ہے۔
حلقۂ انتخاب گلمرگ کے عوام نے آپ پر بھرپور اعتماد کرتے ہوئے آپ کو ایوانِ اقتدار تک پہنچایا، اس اُمید کے ساتھ کہ آپ علاقے کی متوازن ترقی کے لئے عملی اقدامات کریں گے اور عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ آج یہ اعتماد مجروح محسوس ہو رہا ہے۔
لاور بلاک میں پچاس ہزار سے زائد ووٹ ہیں ۔ لہذا ظاہر سی بات ہے کہ آپکی کامیابی کے پیچھے لاور بلاک کے لوگوں کا بہت بڑا ہاتھ ہے، لیکن ستم بالائے ستم آج بھی بنیادی سہولیات کے لئے ترس رہا ہے۔ جبکہ اپر بلاک میں کروڑوں روپے کے منصوبے، جیسے دو کرکٹ اسٹیڈیم، درنگ پارک، ٹنگمرگ شاپنگ کمپلیکس اور سڑکوں کی مرمت کے بڑے پروجیکٹس جاری ہیں، لاور بلاک کے حصے میں محض چند لاکھ کے منصوبے رکھے گئے ہیں۔ لاور بلاک میں کوئی بھی بڑا منصوبہ تادم تحریر آپ نے ہاتھ میں نہیں لیا ہے۔ یہ صورتِ حال عوامی استحصال اور وعدہ خلافی کی بدترین مثال بن چکی ہے۔
الیکشن مہم کے دوران آپ نے کہا تھا کہ "لاور بلاک میری ایک آنکھ ہے اور اپر بلاک میری دوسری آنکھ” لیکن آج محسوس ہوتا ہے کہ ایک آنکھ کو بند کر دیا گیا ہے۔ عوام کا یہ سوال بالکل جائز ہے کہ آخر وہ علاقہ جس نے سب سے زیادہ اعتماد کا ووٹ دیا، وہی محرومی اور مایوسی کا شکار کیوں ہے؟
لاور بلاک کے دیہات آج بھی ٹوٹی ہوئی سڑکوں، ناکارہ بجلی کے نظام اور غیر معیاری طبی سہولیات جیسے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ اسکولوں میں اساتذہ کی کمی، نوجوانوں کے لئے کھیلوں کے مواقع کی عدم دستیابی اور پینے کے صاف پانی کی قلت جیسے مسائل عوامی زندگی کو مفلوج کر رہے ہیں۔ یہ سب وہ مسائل ہیں جن کے حل کی امید عوام نے آپ کی قیادت سے باندھ رکھی تھی۔
یہ بھی حقیقت ہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں غیر متوازن رویہ صرف عوام میں مایوسی پیدا نہیں کر رہا بلکہ علاقے میں احساسِ محرومی کو بھی جنم دے رہا ہے۔ عوام سمجھتے ہیں کہ ان کے ساتھ دوسرے درجے کے شہریوں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے، جو کسی بھی جمہوری نظام کے اصولوں کے خلاف ہے۔
ہم یہ بھی باور کرانا چاہتے ہیں کہ عوامی رائے سب سے بڑی طاقت ہے۔ اگر آج ان کے مسائل کو حل نہ کیا گیا، تو کل کو یہی عوام اپنے ووٹ کے ذریعے سخت پیغام دے گی۔ سیاست عوامی خدمت کا نام ہے، اور اگر عوام کو انصاف نہ ملا تو اعتماد کا رشتہ ہمیشہ کے لیے ٹوٹ سکتا ہے۔
ہم چاہتے ہیں کہ آپ اپنی پالیسیوں پر ازسرِنو غور کریں اور لاور بلاک کے ترقیاتی منصوبوں میں متوازن فنڈنگ اور ترجیحات طے کریں۔ اس سے نہ صرف عوامی اعتماد بحال ہوگا بلکہ علاقے میں ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی۔
ہم اُمید رکھتے ہیں کہ آپ حالات کا سنجیدگی سے جائزہ لیں گے اور لاور بلاک کے عوامی جذبات اور ضروریات کو نظرانداز نہیں کریں گے، تاکہ تاریخ آپ کو انصاف پسند اور عوام دوست رہنما کے طور پر یاد رکھے، نہ کہ وعدہ خلافی اور بے حسی کی علامت کے طور پر۔
خیراندیش
ٍاشفاق پرواز
سماجی کارکن
گوفہ بل دیوبگ ٹنگمرگ
٭٭٭


