
ماجد مجید
کشمیر یونیورسٹی
تینوں نام اگرچہ مختلف ہیں، تاہم تینوں کا ایک ہی پیشہ ہے: وازہ، آشپاز یا باورچی۔ معاشرے کو بگاڑنے میں یہ تینوں عناصر کہاں تک ذمہ دار ہیں، سب کو علم ہے، لیکن سب چپ سادھے بیٹھے ہیں کہ کہیں معاشرے میں ناک نہ کٹ جائے۔ غلطی سے اگر کسی کے ذریعے راز فاش ہوا تو مستقبل میں اس کا خمیازہ بھگتنے کے لئے تیار رہنا پڑے گا، کیونکہ مذکورہ بالا تینوں پیشہ وروں کی ڈکشنری میں اس کا نام سرخ سیاہی سے رنگا جائے گا۔ آئندہ اگر اس کے گھر میں کوئی بھی رسم یا شادی کی محفل منعقد ہوئی تو مذکورہ بالا تینوں پیشہ وروں، مثلاً وازہ، آشپاز اور باورچی، کی طرف سے بائیکاٹ ہوگا۔ اس کے گھر جانے اور وازہ وان پکانے پر قدغن لگائی جائے گی، تاکہ وہ تڑپے اور پھر منہ مانگی قیمت ادا کرکے، نیز آئندہ وازہ، آشپاز یا باورچی کے خلاف کوئی بھی بات بولنے سے اجتناب کرے۔ وہ کورے کاغذ پر معافی نامہ تحریر کرکے مذکورہ تینوں پیشہ وروں کے سربراہ کے قدموں میں ڈال کر گرے اور آئندہ محتاط رہنے پر اتفاق کرے، تبھی تینوں پیشہ وروں کا سربراہ اپنی زبان سے کہے گا: "اب آیا اونٹ پہاڑ کے نیچے!” اور اپنے ماتحت وازوں، آشپازوں اور باورچیوں کو اس کے گھر جانے کا فرمان اور حکم صادر کرے گا۔ اس طرح پھر وازہ، آشپاز یا باورچی کے مطابق پکوانوں اور پکوانوں کی تعداد پر سمجھوتہ کرنا ہوگا، تاکہ تینوں پیشہ وروں کی آمدن بڑھے اور معاشرے میں نئے نئے پکوان ایجاد ہوسکیں، جس سے ہمارا مقام اور ہماری اہمیت بھی معاشرے میں بلند ہوجائے اور نئے نئے رسم و رواج بھی بڑی آسانی سے ایجاد ہوجائیں۔
عام طور پر گاہک آئے روز نت نئے پکوانوں سے بے خبر رہتا ہے، اور یہ صرف وازوں، آشپازوں اور باورچیوں کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ گاہک کو واقف کرکے نئے نئے پکوانوں سے متعارف کرائیں۔ پکوانوں کی تعداد اب ایک سو (100) کو چھو رہی ہے۔ المیہ ہے کہ ذمہ دار کون!!!!؟؟؟
اب وازوں، آشپازوں اور باورچیوں نے ٹھان لی ہے کہ صرف رات دس بجے تک کھانا، وازہ وان، پروسا جائے۔ ان کے مطابق اب دولہا اور اس کے ساتھ آئے باراتیوں کا دلہن والوں کے گھر وارد ہونا رات دو (2) بجے کا معمول بن گیا ہے۔ اس سلسلے میں وازوں، آشپازوں اور باورچیوں کی یونین نے تہیہ کرلیا ہے کہ رات دس بجے کے بعد وازہ اور اس کے ساتھ آئے مزدور کام سے چھٹی کرکے اپنے اپنے گھر جاسکتے ہیں، اور اس طرح دولہا اور دلہن والوں کی عقل ٹھکانے آکر وہ آئندہ مقررہ وقت پر اپنا سارا کام نبھائیں۔
یہ بھی سننے میں آیا ہے کہ نکاح خواں مولانا صاحبان نے بھی دولہا کے انتظار میں تقریباً صلاۃ الفجر تک رات تارے گننے میں گزاری، لیکن صلاۃ الفجر ادا کرنے مسجد چلے گئے۔ پھر دولہا اور دلہن والوں نے کسی ایرے غیرے کو اس کام کے لئے چنا، جو کوئی عالم نہیں تھا، لیکن مجبوری میں اسی سے خطبۂ نکاح پڑھوایا۔
اب ذمہ دار کون؟ نہ صرف وازہ، آشپاز یا باورچی، جنہوں نے پکوانوں کی تعداد ایک سو (100) تک بڑھائی، بلکہ معاشرے کا ہر فرد اس کا ذمہ دار ہے۔ اب وہ وقت زیادہ دور نہیں، جب پورا معاشرہ قرضے میں ڈوب جائے گا، کیونکہ معاشرے میں اپنا اسٹیٹس (Status) برقرار رکھنے اور بیہودہ رسومات ایجاد کرنے کے لئے بینک سے قرضہ لینے اور زمین جائیداد گروی رکھنے پر معاشرہ مجبور ہے، اور یہی معاشرے کی بربادی ہے۔


