
طفیل مگسی
یہ کائنات جہاں آئینہء جمال ہے ، وہاں یہی کائنات مظہرِ صفاتِ الٰہیہ اور مظہرِ صفاتِ انسانیہ ہے ۔ کائنات میں رونما ہونے والا ہر واقعہ ، ہر عمل اور ہر کرشمہ انسان کی داخلی اور ذاتی کائنات میں منعکس ہوتا ہے ۔ سیّاروں اور ستاروں کی چال اور رفتار سے لے کر ایک معمولی سی حقیر چیونٹی تک، ہر شے اپنے اندر ایک عجیب پیغام رکھتی ہے ۔ ہر شے ایک علامت ہے ، خوبصورت علامت اور ہر شے میں ایک استعارہ ہے ، ایک بامعنی استعارہ ۔
یہ کائنات مرقعّ نور ہے ۔ اس پر بہت کچھ لکھا جا چکا ہے ۔ کہکشاؤں کے عظیم اور وسیع سلسلے ، شمس و قمر کے جلوے ، چمکنے والے ستاروں کی یہ حسین کائنات اتنی منور ہے کہ یہ سمجھنا مشکل نہیں کہ اس کو تخلیق کرنے والا خود زمین اور آسمانوں کا نُور ہے ۔ اتنی روشن کائنات ایک روشن دلیل ہے ، اپنے نورانی خالق کی ۔
اگر ذوقِ نظر میّسر ہو تو یہ کائنات ایک عجب تماشا ہے ۔ کرنوں میں آفتاب ہیں ، قطروں میں بحر ہیں ، دریا حباب میں ہے ، ذرّوں میں دشت ہیں ۔ دیکھنے والی نظر ہو ، تو نظاروں کی کمی نہیں ۔
اس کائنات کی وسعتوں کے بارے میں جو کچھ بھی کہہ دیا جائے ، بلا مبالغہ ہو گا ۔ ہم ایک سُورج سے وابستہ ہیں اور کائنات میں ایسے کروڑوں سُورج موجود ہیں ۔ ایسے سیّارے اور ستارے ہو دریافت ہو چکے ہیں ، جن کا زمین سے فاصلہ ہزاروں لاکھوں” سال نُور ” ہے ۔ یعنی ایک لاکھ چھیاسی ہزار میل فی سیکنڈ کی رفتار سے چلنے والی روشنی ایک ستارے سے زمین پر آنے میں لاکھوں سال لیتی ہے ۔ اللہ اللہ ، یہ وسعت ، انسان سوچ کر ہی سہم جاتا ہے ۔ اس وسیع کائنات میں زمین کی کیا حیثیت ، اور زمین میں ایک ملک کی کیا اہمیت ، اور ملک میں ایک شہر اور شہر میں ایک مکان اور مکان میں ایک انسان کی کیا اہمیت ، اور پھر اس انسان میں ایک چھوٹا سا دماغ کیا جسارت کرے گا ، اس وسیع کائنات کے عظیم خالق کے بارے میں لب کشائی کرنے کی ۔ مقامِ تحیّر اور مقامِ سکوت ہے ۔
اسی کائنات میں ایسے علاقے ہیں ، جہاں اتنی سردی ہے کہ بس انسان ذکرے تو خیال منجمد ہو جائے اور کہیں اتنی حدّت کہ سُورج بھی پناہ مانگے ۔ یہ کائنات عجب ہے ۔ تخلیق اپنے خالق کی مظہر ہے ۔
جس خالق نے اس کائنات کو تخلیق کا حیران کن مظہر بنایا ، اسی خالق نے انسان کو بڑے دعوے اور وثوق سے اشرف المخلوقات پیدا فرمایا ۔ یہ ایک عظیم احسان ہے ، عظیم محسن کا ۔ انسان کو بینائی عطا فرمانے والا ، اپنے بے مثال حُسن کے پر تو میں اس کائنات کی ہمہ رنگ نیرنگیوں اور رنگینیوں میں جلوہ گر ہے ۔
انسان کی پہچان کے لئے کائنات کو آسمان اور زمین کے حوالے سے ظاہر فرمایا گیا ۔ انسان اپنی ہستی کا سفر زمین پر ہی شروع کرتا ہے اور یہ سفر یہیں تمام ہوتا ہے ۔ انسان کے گرد پھیلی ہوئی زندگی اس کے علم کے وسیع ابواب ہیں ۔ اسے علم الاسماء عطا فرمایا گیا ۔ وہ اسماء سے اشیاء کو پہچانتا ہے اور پھر اشیاء سے مفاہیم تلاش کرتا ہے اور اسے ہر طرف پھیلے ہوئے سلسلے ، اپنی صلاحیتوں اور صفات کے استعارے نظر آتے ہیں ۔ انسان کی کائنات حسین و جمیل علامتوں کی کائنات ہے ۔
یہی وہ راز ہے ، جو انسان کو جاننے والا بناتا ہے ۔ انسان ظاہر سے باطن اور باطن سے ظاہر کا سفر کرنے کے لئے پیدا کیا گیا ۔ وہ وجوہ سے نتائج اور نتائج سے وجوہ تلاش کرتا ہے ۔ وہ ہر شے کے اندر پنہاں اس جوہر کو ڈھونڈتا ہے ، جو اس شے کی پہچان ہے ، اس شے کا راز ہے اور یہ راز اور یہ جوہر اور یہ صفت انسان کی اپنی کسی صفت کا مظہر ہوتی ہے ۔
شعر و ادب کی دنیا میں انسان نے مظاہر فطرت کو استعاروں اور علامتوں کے روپ میں شامل کیا ہے اور اس طرح اس نے جہاں اپنی زندگی کو پُر لطف بنایا ، وہاں اس نے ہر ذی جان اور بے جان شے کو اسم دیا اور اس کو معنی عطا کیے ۔
پہاڑوں کو انسان نے اپنے عزم کا مظہر کہا ۔ نہ بدلنے والا اٹل ارادہ ، پہاڑ کی طرح اپنی جگہ سے نہ ہلنے والا ۔ اللہ تعالیٰ نے بھی ارشاد فرمایا کہ "پھر تمہارے دل سخت ہو گئے ، جیسے وہ پتھر ہوں حالانکہ مَیں نے پتھروں سے بھی نہریں جاری کی ہیں ۔ ” گویا پتھر سے دریا کا نکلنا ایسے ہے جیسے سخت دل انسان کا دل بھر آنا یا آنکھ سے آنسو کا بہنا ۔
دریا کو زندگی کا دریا کہا گیا ، جو موت کے سمندر میں ڈوبتا ہے ۔ ہر دریا آخر کار تاریک سمندر میں گِر جاتا ہے ۔ وقت دریا ہے اور لوگ تنکوں کی طرح اس میں بہتے چلے جا رہے ہیں ۔
دشت و صحرا کو بھی عجب معنی ملے ۔ دشتِ جنوں ، دشتِ وحشت ، یادوں کا صحرا وچھوڑے کا تھل ، دشتِ فرقت اور پھر صحرا کی پیاس ۔ یہ سب اہلِ ذوق کے پُر مغز استعارے ہیں ۔
سمندر کو ہستی کا آغاز و انجام کہا گیا ۔ انسان بادلوں کی طرح سمندر سے آتا ہے اور واپس سمندر کو چلا جاتا ہے کہ یہی اس کا گھر ہے ، یہی خالق ہے یا مظہرِ تخلیق ہے ۔
سمندر یا قلزم سے بڑے معنی وابستہ ہیں ۔ بڑے استعارے ہیں ۔ بڑی علامتیں ہیں ۔ سمندر روح ہے ۔ نصف شب کو جاگتا ہے ۔ طوفان میں ہو تو کناروں کو اُڑا دے ، پُر سکوں ہو تب بھی گہرائی کی وجہ سے پُر خوف ہو ۔ سمندر مُردار کو باہر نکال پھینکتا ہے ۔ اس کے باطن میں خزانے ہیں ۔ موتیوں کے ، زندگی کے اور اس کے اندر انسان کے لئے بڑے علوم ہیں ۔ جب تک سمندر زندہ ہے ، زندگی ختم نہیں ہو سکتی ۔ سمندر گہرا ہے ، کڑوا ہے ۔ ناقابل ِ تسخیر وسعت کو سمندر کہا گیا ۔ فیاضی اور علم کے پیکر کو سمندر کہتے ہیں ۔ قُلزمِ رحمت ، وسیع و بے پایاں ، صفت ِ الہٰی ہے ۔ اور پھر سمندر خاموش ہو گیا یعنی محبت کی امواج میں ٹھہراؤ کا مقام ۔ موج کے نام سے کتنا ہی لٹریچر موجود ہے ۔
آئیے دیکھیں! انسان نے اپنے اردگرد رہنے والے جانداروں سے کیا حاصل کیا ۔ انہیں کیسے کیسے معنی دیے ۔ ان سے کیا کیا سبق ، عبرت اور نتیجے نکالے ۔
پرندوں کی دُنیا میں شاہین کو لیجئے ۔ مردِ مومن ہی شاہین ہے ۔ پرندوں کی دنیا کا درویش ہے ۔ آشیانہ نہیں بناتا ۔ بلند پرواز ہے ۔ بلند نگاہ ہے ۔ پہاڑوں کی چٹانوں میں رہتا ہے ۔ قصرِ سُلطانی سے گریز کرتا ہے ۔ یہ ایک مردِ حُر کی صفاتِ عالیہ ہیں ۔
ایک آزاد قوم کے لئے شاہین ایک بہت بڑا استعارہ ہے ۔ سورج کو نگاہ میں نہیں لاتا ۔ مر جائے تب بھی زمین پر نہیں گرتا ۔ اس کی نگاہ آسمانوں پر رہتی ہے ۔ اس کا رزق صالح اور پاکیزہ ہے یعنی زندہ کبوتر شکار کرتا ہے ۔ شاہین مانگ کر نہیں کھاتا ۔قانع ہے ۔ غیرت والا ہے ۔ متوکّل ہے ، قوی ہے ۔ جھپٹتا ہے ۔ پلٹتا ہے ۔ خون گرم رکھتا ہے ۔ نگاہ تیز رکھتا ہے ۔ درویشی میں بادشاہی کرتا ہے ۔ اقبالؒ کا شاہین ہی اقبالؒ کا مردِ مومن ہے ۔ اقبالؒ نے جوانوں میں عقابی رُوح کے بیدار ہونے کی دعا کی ہے ۔ عقابی رُوح کا کام ہے آسمانوں کی طرف پرواز کرنا اور پھر شہبازِ لامکاں ، شہبازِ طریقت ، شہبازِ خطابت اور پھر ہمارے شاہین یعنی ہماری ائیر فورس ۔ ایک پرندے نے کیا نہیں دیا ہمیں ۔ یہی خودی کا ترجمان ہے ۔ یہی محرمِ لامکاں ہے ۔ یہی فاتح ِ زمان و مکاں ہے ۔ یہی شاہین رازِ ہستی کا رازداں ہے ۔ شاہین بھوک سے مر جاتا ہے ، لیکن مردار نہیں کھاتا ۔ شاہین صفاتِ مومن کا مظہرِ ہے اور خودی کا نگہبان ہے ۔ انسان کی خودشناسی کو پرندوں نے بڑی آسانیاں عطا فرمائی ہیں ۔ گدھ یا کرگس ۔ اس پر کیا کچھ نہیں لکھا جا چکا ہے ، اندازہ کرنا مُشکل ہے ۔ آج کے ادب میں گدھ ایک عظیم استعارہ اور علامت بن کے ظاہر ہُوا ہے ۔
ایک ڈرامے میں ایک منظر دکھایا گیا کہ ایک امیر آدمی مر رہا ہے اور اس کے رشتہ دار اس کے پاس خاموش بیٹھے ہیں ۔ کَٹ کر کے دوسرا منظر پیش کیا گیا کہ ایک ویرانے میں ایک گھوڑا مر رہا ہے اور اس پر گِدھ منڈلا رہے ہیں ۔ اب آپ گِدھ کے بارے میں اندازہ لگا لیں ۔ گدھ کی بلند پروازی ، مُردار کی تلاش میں ہے ۔
جن درختوں پر دن کے وقت چمگادڑ اُلٹے لٹکتے ہیں ، انہی درختوں پر رات کو گِدھوں کا بسیرا ہوتا ہے ۔ یہ تعلق اور تقرب بھی بڑا بامعنی ہے ۔
گِدھ کی مُردار خوری فضا کو آلودگی اور تعفّن سے بھی بچاتی ہے ۔ بہرحال انسانوں کی دنیا میں کرگس صفت لوگ موجود رہتے ہیں اور کرگسی عمل بھی جاری رہتا ہے۔
کبوتر اور فاختہ امن کے نشانات ہیں ۔ یہ صلح اور امن کے استعارے ہیں ۔
طوطا ایک ایسا پرندہ ہے جس پر بڑے بڑے ادیبوں نے بہت کچھ لکھا ہے ۔ مولانا روم نے طوطے کی ایک کہانی لکھی ہے کہ ایک سوداگر نے پنجرے میں ایک بولنے والا طوطا رکھا ہُوا تھا ۔ سوداگر سفر پر جانے لگا تو اس نے طوطے سے پُوچھا کہ تیری کوئی خواہش ۔ طوطے نے اپنے گرو طوطے کو پیغام بھیجا کہ آزاد فضاؤں میں رہنے والو ، غریب قیدی کا سلام قبول کرو ۔ سوداگر نے پیغام دیا ۔ گُرو طوطا سُن کر مر گیا اور ساتھ ہی سارے طوطے گر کر مر گئے ۔ سوداگر نے یہی افسوسناک خبر اپنے طوطے کو آ کر بتائی ، وہ بھی مر گیا ۔ سوداگر نے اسے پنجرے سے نکال کر پھینک دیا ۔ وہ طوطا اڑ گیا اور بولا :” اے سوداگر! میرے گرو نے میری فریاد پر مجھے رہائی کا یہی راستہ بتایا تھا کہ مرنے سے پہلے مر جاوء ۔ آزاد ہو جاوء گے”۔ پس یہ ہے وہ راز جو گرو مرید کو دیتا ہے ۔ بہرحال طوطا ، علم کا بہت بڑا ذریعہ ہے ۔
ایک معمعولی سا کوّا بھی لٹریچر کا حصہ بن گیا ۔” کاگا” ایک پیغام ہے ، کسی آنے والے کا ۔ کاگا ” اٹریا پر بولتا ہے ۔” کاں” بنیرے پر بولتا ہے اور پھر پردیسی گھر آ جاتے ہیں ۔ کوّا منافق نہیں ، اندر باہر سے کالا ہے جبکہ بگلہ منافق ہے ۔ باہر سے سفید اور اندر سے بد باطن ۔ مچھلی کے انتظار میں مصروفِ عبادت نظر آتا ہے ۔ قمری ، تیتر اور چکور ، آوازوں کے استعارے ہیں ۔ اللہ کا کثرت سے ذکر کرنے والے لوگ ان آوازوں کا بہت احترام کرتے ہیں ۔
مور، نفس کا وہ مقام ہے جہاں انسان اپنے رنگ پر ہی مست ہو جائے ۔ ظاہر پرست انسان مور ہے ، انا کا مارا ہوا۔
اسی طرح جانوروں میں شیر کو لیں ۔ اللہ کا شیر ، یعنی اسدللہ ۔ ایک مقام ہے ، ایک صفت ہے ، ایک انداز ہے ، ضرب یُداللّہی کا ۔ شیرِ ربانی ایک لقب ہے ، ایک رُوحانی مقام ہے ۔ شیر خواب میں نظر آئے تو رُوحانی فیض کی دلیل ہے ۔ شیر بیباکی اور جراءت کا مظہر ہے ۔
"اللہ کے شیروں کو آتی نہیں روباہی”
جہاں شیر دلیر ہے ، وہاں گیڈر بزدل ، لومڑی مکار ، سانپ چھپا دشمن ہے ، چمکیلا لیکن زہریلا ۔ سانپ کبھی وفادار نہیں ہوتا ۔
وفا کے باب میں کُتّے اور گھوڑے کا ذکر آتا ہے ۔ کُتّا اگر کُتّے کا بَیری نہ ہوتا تو کبھی نجس نہ ہوتا ۔ گھوڑے کو لٹریچر میں بڑا حِصّہ ملا ہے ۔ غالب نے دو اشعار میں گھوڑے کو زندگی اور موت سے تعبیر کیا ہے ۔ "زندگی کا سرکش گھوڑا سرپٹ دوڑ رہا ہے انسان سوار تو ہے لیکن بے بسی کا یہ عالم ہے کہ ہاتھ باگ پر ہے نہ پاؤں رکاب میں ۔ انسان کا ایک پاؤں ہوس کی زمین میں گڑا ہوا ہے اور دوسرا پاؤں موت کے گھوڑے کی رکاب میں ہے ۔ ” زندگی اور موت کو بیان کرنے کے لئے گھوڑے سے کیا فائدہ اُٹھایا گیا ہے ۔ غرضیکہ ہر جانور ، ہر پرندہ، ہر شے انسان کے لئے معنی رکھتی ہے ۔ انسان کو اپنا پرتو اور اپنے خالق کا جلوہ اسی کائنات میں نظر آئے گا ۔
یوسفؑ کے خواب میں آنے والے گیارہ ستارے ، چاند اور سُورج ان کے اپنے بھائی اور ماں باپ تھے ۔ سبحان اللہ! یہ علم اس نے خود عطا کیا ہے ، جس نے انسان کو شاہکارِ بنایا ۔ انسان کو شرف بخشنے والے نے انسان کو علم عطا کیا ۔ کائنات کا علم ، کائنات کی اشیاء کا علم ، کائنات کی زندگی اور اس کے حُسن کا علم۔
یہ کائنات آئینہ ہے ، انسان کی اپنی کائنات کا ۔ ہر طرف انسان کی اپنی صفات پھیلی ہوئی ہیں ۔ انسان غور کرے تو اسے معلوم ہو گا کہ یہی کائنات انسان کا باطن ہے اور انسان اس کائنات کا باطن ۔ یہ کائنات ایک کُھلی کتاب ہے جس میں کوئی شک نہیں ۔ حقیقت ہی حقیقت ہے ، معنی در معنی ، استعارہ در استعارہ ، علامت در علامت ۔
انسان کی کائناتِ حُسن ، حُسنِ کائنات کا خوبصورت عکس ہے ۔ "چاند” محبوب ہے اور چاندنی محبوب کی یاد ۔ چاند دُور ہو تو چاندنی پاس ہوتی ہے ۔ چاند پاس ہو تو چاندنی ختم ہو جاتی ہے ۔ پھول دل میں بسنے والا دوست ہے اور کانٹا آنکھوں میں کھٹکنے والا رقیب ۔
غرضیکہ لامحدود جلوہ کائنات میں موجود ہے ۔ انسان کی تلاش کے لئے اور تلاشِ ذات کے لئے اسی کائنات میں ایک مخفی اور حسین کائنات موجود ہے ۔ معنی کی کائنات ، جلووءں کی کائنات ، انسان غور تو کرے۔


