جنگ نیوز ڈیسک
سرینگر/وولر مانسبل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (WMDA) اور گورنمنٹ ڈگری کالج گاندربل کے اشتراک سے مانسبل میں منعقدہ دو روزہ ماحولیاتی پروگرام جمعرات کو اختتام پذیر ہوا۔
اختتامی روز تحفظِ ماحول اور منشیات کے خلاف شعور اجاگر کرنے کے موضوعات پر مصوری مقابلہ منعقد کیا گیا، جس میں معروف مصور و خطاط سائقہ رشید نے منصف کے فرائض انجام دیے۔ بعد ازاں چیف ایگزیکٹو آفیسر WMDA ڈاکٹر احسن الحق چشتی اور مرکزی ریشم بورڈ مانسبل کے سربراہ ڈاکٹر راجیش کمار نے طلبہ اور رضاکاروں میں انعامات تقسیم کیے۔
ڈاکٹر چشتی نے ماحولیاتی تحفظ اور منشیات کے خلاف مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا، جبکہ ڈاکٹر راجیش کمار نے بھی عوامی تعاون کو ناگزیر قرار دیا۔
اس سے قبل پہلے روز کالج کے قومی خدمت اسکیم (NSS) کے رضاکاروں، WMDA حکام اور مقامی لوگوں نے کونڈہ بل، جاروکابل اور باغوان محلہ سمیت مانسبل جھیل کے اطراف صفائی مہم چلائی۔
پروگرام کا مقصد عوامی شرکت کے ذریعے جھیل کے قدرتی ماحول کا تحفظ، صفائی ستھرائی اور منشیات مخالف شعور کو فروغ دینا تھا۔


