جنگ نیوز ڈیسک
سرینگر/غلام قادر بیدار/ سرینگر کے شہر خاص سے تعلق رکھنے والی نوجوان رول بال کھلاڑی قرت العین نے جونیئر رول بال ورلڈ کپ 2026 سے قبل ہندوستانی ٹیم کے تربیتی کیمپ کے لئے منتخب ہوکر کشمیر کا نام روشن کیا ہے۔
دسویں جماعت کی طالبہ قرت العین 4 مرتبہ قومی سطح پر جموں و کشمیر کی نمائندگی کرچکی ہیں، جبکہ انڈر 14 اور انڈر 17 زمروں میں ٹیم کی قیادت بھی انجام دے چکی ہیں۔
تمل ناڈو میں منعقدہ قومی رول بال چیمپئن شپ 2026 میں شاندار کارکردگی اور جموں و کشمیر کی جانب سے چاندی کا تمغہ حاصل کرنے کے بعد ان کا انتخاب عمل میں آیا۔ عالمی کپ کے لئے ابتدائی 30 کھلاڑیوں میں سے 12 کو شارٹ لسٹ کیا گیا، جن میں قرت العین بھی شامل ہیں۔
رول بال فیڈریشن آف انڈیا کے انتخابی مراسلے کے مطابق وہ 25 نومبر سے 4 دسمبر تک پونے میں منعقد ہونے والے تربیتی کیمپ میں شرکت کریں گی، جس کے بعد ہندوستانی ٹیم عالمی کپ میں شرکت کے لئے اندور روانہ ہوگی۔
قرت العین نے اپنے انتخاب کو کشمیر کے کھیلوں کے ہنر کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کا اہم موقع قرار دیتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ کھیلوں میں حصہ لے کر اپنی صلاحیتوں کا اظہار کریں۔ انہوں نے تعلیم کے ساتھ کھیلوں کو بھی طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کے لئے ناگزیر قرار دیا۔
ان کی کامیابی وادی کی نوجوان لڑکیوں کے لئے حوصلہ افزائی کا باعث ہے اور قومی و بین الاقوامی سطح پر کھیلوں میں آگے بڑھنے کے نئے امکانات روشن کرتی ہے۔


