جنگ نیوز
کولگام/جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں لشکر طیبہ کا ایک جنگجو ہلاک ہوگیا، جبکہ جائے جھڑپ سے لاش اور اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ علاقے میں ایک اور مشتبہ جنگجو کی تلاش کے لئے محاصرے اور تلاشی کی کارروائی جاری ہے۔
ایک اعلیٰ پولیس افسر نے بتایا کہ محاصرہ برقرار ہے اور آپریشن جاری ہے۔ ہلاک جنگجو کی شناخت اہل خانہ سے تصدیق کے بعد کی جائے گی۔ تلاشی کارروائی میں پیرا اسپیشل فورسز بھی شامل ہوگئی ہیں۔
ڈی جی پی نلن پربھات اور آئی جی پی کشمیر سجیت کمار نے دیگر اعلیٰ افسران کے ہمراہ کولگام پہنچ کر آپریشن کا جائزہ لیا۔ رات کے دوران روشنی کا انتظام کیا گیا، تاہم کارروائی منگل کی صبح دوبارہ شروع کی جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ 11 نومبر کو میر بازار کے قریب اخراں علاقے میں جنگجوؤں نے سی آر پی ایف چوکی پر حملہ کیا تھا، جس میں 3 اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔ اس حملے کے بعد کولگام اور ملحقہ علاقوں میں تلاشی کارروائیاں تیز کردی گئی تھیں۔


