جنگ نیوز
جموں/کلسٹر یونیورسٹی آف جموں کا پہلا جلسۂ تقسیمِ اسناد ابھینو تھیٹر میں منعقد ہوا، جس سے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے خطاب کیا۔ تقریب میں تمل ناڈو کے گورنر راجیندر وشوناتھ آرلیکر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر فارغ التحصیل طلبہ کو اسناد اور تمغے عطا کیے گئے۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کامیاب طلبہ اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 163 طلائی تمغوں میں سے 130 طالبات نے حاصل کیے ہیں، جو خواتین کی تعلیمی کامیابیوں کا نمایاں ثبوت ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ملک کے آبادیاتی منافع کو محض موقع نہیں بلکہ سماجی ذمہ داری سمجھیں اور ملازمت تلاش کرنے کے بجائے خود روزگار کے مواقع پیدا کریں۔
انہوں نے کہا، ’’مصنوعی ذہانت رفتار اور معلومات فراہم کرے گی، لیکن سمت، ہمدردی اور نئے سوالات اٹھانے کی صلاحیت انسانوں ہی کے پاس رہے گی۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کی ترقی انسانی اقدار اور فلاح و بہبود کے تابع ہونی چاہیے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے یونیورسٹی کے پہلے جلسۂ تقسیمِ اسناد کو ایک اہم تعلیمی سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اعلیٰ تعلیمی اداروں کو بہتر بنیادی ڈھانچہ، مناسب تعداد میں تدریسی عملہ اور ادارہ جاتی خودمختاری فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔ انہوں نے جدید تجربہ گاہوں، ڈیجیٹل سہولیات اور دور دراز علاقوں کے طلبہ کے لئے ہاسٹل کی سہولیات میں سرمایہ کاری کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
عمر عبداللہ نے کہا، ’’میری حکومت یونیورسٹیوں کو ضروری ادارہ جاتی معاونت، تعلیمی خودمختاری، مناسب فیکلٹی اور بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے تاکہ وہ علم، اختراع اور علاقائی مسائل کے حل کے حقیقی مراکز بن سکیں۔‘‘ انہوں نے تعلیمی کیلنڈر اور امتحانات بروقت مکمل کرنے پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ کسی طالب علم کا تعلیمی سال امتحانات یا اسناد میں تاخیر کی نذر نہیں ہونا چاہیے۔
وزیر اعلیٰ نے نوجوانوں کو روایتی ملازمتوں کے بجائے کاروبار، اختراع اور نئے معاشی شعبوں کی جانب متوجہ ہونے کی تلقین کی۔ انہوں نے زراعت، فوڈ پروسیسنگ، سیاحت، قابلِ تجدید توانائی اور ڈیجیٹل معیشت کو روزگار کے اہم امکانات کے حامل شعبے قرار دیا اور کہا کہ جموں و کشمیر میں پائیدار خوشحالی اسی وقت ممکن ہے جب نوجوان ملازمت کے متلاشی ہونے کے بجائے روزگار پیدا کرنے والے بنیں۔
انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ مسلسل سیکھنے، دیانت داری اور سماجی ذمہ داری کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں اور اپنی صلاحیتوں کو آبائی خطے کی ترقی کے لئے بروئے کار لائیں۔
تقریب میں وزیر برائے اعلیٰ تعلیم شمیم فردوس، رکن پارلیمنٹ جگل کشور شرما، رکن اسمبلی اروند گپتا، وائس چانسلر پروفیسر کے ایس چندر شیکھر، یونیورسٹی کے اساتذہ، طلبہ اور ان کے والدین نے شرکت کی۔


