جنگ نیوز ڈیسک
میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق آج تاریخی جامع مسجد سرینگرنے نماز جمعہ کے موقع پر فرزندانِ توحید کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کیا۔
اس موقع پر میرواعظ نے کشمیر وازہ ایسوسی ایشن کی جانب سے شادی بیاہ کی تقریبات میں ضیافتوں کے اوقات کو منضبط کرنے، بالخصوص رات کے وقت وازوان کی ضیافتوں کو دس بجے تک مکمل کرنے کے حالیہ فیصلے کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے اسے شادی بیاہ کی تقریبات میں نظم و ضبط اور سادگی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ وازہ برادری کی محنت، وقار اور عزتِ نفس کے احترام کی سمت ایک مثبت قدم قرار دیا۔ میرواعظ نے یقین دلایا کہ معاشرتی اصلاح کی ایسی تعمیری کوششوں کو متحدہ مجلس علماءکی بھرپور حمایت اور تعاون حاصل رہے گا۔
میرواعظ نے کہا کہ اگرچہ وازہ ایسوسی ایشن کا یہ فیصلہ درست سمت میں ایک خوش آئند قدم ہے، تاہم شادی بیاہ کی تقریبات میں بڑھتی ہوئی فضول خرچی، روایتی رسوم میں غیر ضروری اضافوں، بے جا اخراجات اور دولت و حیثیت کی نمائشی مسابقت کے خاتمے کے لئے ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ ان رجحانات نے خاندانوں پر بھاری مالی اور سماجی بوجھ ڈال دیا ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنی تہذیبی روایات کی خوبصورتی اور انفرادیت کو برقرار رکھتے ہوئے اسراف، فضول خرچی اور غیر ضروری رسم و رواج سے اجتناب کریں، تاکہ شادی بیاہ کی تقریبات اسلامی تعلیمات کے مطابق سادہ، باوقار اور ہر طبقے کی استطاعت کے مطابق بن سکیں۔


