ہندوستھان سماچار
سری نگر/ جنگ نیوز/ وادی کشمیر میں بجلی مہنگی ہونے کی وجہ سے لوگ سردی سے بچنے کے لئے الیکٹرانک آلات چھوڑ کر روایتی کانگڑیاں استعمال کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ وادی میں گزشتہ روز سے جاری خراب موسم کے باعث سردی کی لہر میں اضافہ ہوا ہے۔ لوگ عام طور پر اس موسم میں گرمی کے لئے الیکٹرانک آلات کا خوب استعمال کرتے تھے، لیکن اس سال مہنگی بجلی نے انہیں صدیوں سے استعمال ہو رہی چیزوں کی طرف لوٹنے پر مجبور کر دیا ہے، جن میں کانگڑی خاص طور پر قابل ذکر ہے۔
گزشتہ برسوں کے برعکس اس بار سردیاں شروع ہوتے ہی الیکٹرانک اشیا بیچنے والی دکانوں کے بجائے کانگڑی فروشوں کی دکانوں پر لوگوں کی بھیڑ نظر آ رہی ہے۔ کانگڑی کی صنعت سے وابستہ لوگ مانگ میں اس اضافے کو ایک خوش آئند پیش رفت قرار دیتے ہیں۔
چرار شریف کے رہنے والے کانگڑی ساز غلام حسن نے ہندوستھان سماچار کو بتایا کہ اس سال کانگڑیوں کی اچھی مانگ ہے۔ ان کا کہنا تھا: ’’پچھلے برسوں کے مقابلے میں اس سال میں نے کافی زیادہ کانگڑیاں تیار کیں، جو ہاتھوں ہاتھ فروخت ہو گئیں اور بیوپاری مزید آرڈر دے رہے ہیں۔‘‘ ایک اور کانگڑی فروش محمد یوسف نے بتایا ’’اس سال میں نے اب تک اچھی تعداد میں کانگڑیاں بیچیں۔ لوگ دوبارہ کانگڑیاں استعمال کرنے لگے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ہر گزرتے سال یہ کاروبار کم ہوتا جا رہا تھا، لیکن اس سال اس میں کافی بہتری آئی ہے۔ لوگ دوبارہ گرمی کے لئے کانگڑیاں استعمال کرنے لگے ہیں، جو اس صنعت اور اس سے وابستہ لوگوں کے لئے اچھی بات ہے۔‘‘
شہری علی محمد کے مطابق مہنگی بجلی ہی کانگڑیوں کی مانگ بڑھنے کی بنیادی وجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’کشمیر میں بجلی کافی مہنگی ہو گئی ہے۔ لوگ الیکٹرانک آلات سے سردی کا بندوبست کرتے تھے، لیکن اب انہیں چلانا ہر کسی کے بس کی بات نہیں رہی، کیونکہ اس سے بھاری بھرکم بجلی بل آتا ہے۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا: ’’ہمارے یہاں ہر طرف پانی ہی پانی ہے۔ ملک کے باقی حصوں کے مقابلے میں کشمیر میں بجلی سب سے سستی اور بلا رکاوٹ ملنی چاہیے تھی، لیکن صورتحال اس کے برعکس ہے۔ یہیں کے آبی ذخائر سے بننے والی بجلی اتنی مہنگی ہے کہ لوگ اسے برداشت نہیں کر پا رہے۔‘‘
مہنگی بجلی کی وجہ سے صرف کانگڑیوں کی مانگ ہی نہیں بڑھی، بلکہ مکانوں میں حمام بنوانے کا رجحان بھی بڑھ رہا ہے۔ دیہی علاقوں میں کھانا پکانے کے لئے روایتی چولہے کا رواج بھی بحال ہو رہا ہے، جسے مقامی زبان میں ’دان‘ کہا جاتا ہے۔
بڈگام کے ایک گاؤں کے رہنے والے بشیر احمد نے بتایا کہ ’’ہمارے گھر میں بھی کھانا پکانے کے لئے بجلی اور گیس سے چلنے والے آلات استعمال ہوتے تھے، لیکن جب سے بجلی اور گیس مہنگی ہوئی ہے، ہم نے روایتی چولہا دوبارہ استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا: ’’سردیوں میں یہاں گرمی کے آلات کی زیادہ ضرورت پڑتی ہے، کیونکہ اس موسم میں پینے اور نہانے کا پانی وغیرہ سب کچھ گرم ہونا چاہیے۔‘‘
بتا دیں کہ وادی کشمیر میں مہنگائی کے بیچ ہر ماہ آنے والے بجلی کے بھاری بلوں نے عام لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ گزشتہ ہفتے ہندوستھان سماچار سے بات کرتے ہوئے کئی صارفین نے شکایت کی تھی کہ حکومت نے انتخابی مہم کے دوران سستی بجلی اور 200 یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن نہ یہ وعدہ پورا ہوا اور نہ بلوں میں کوئی راحت ملی۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف بجلی کٹوتی کا شیڈول جاری ہے تو دوسری طرف الیکٹرانک آلات کے استعمال کے بغیر بھی اتنے بھاری بل آ رہے ہیں کہ انہیں ادا کرنا عام صارف کے بس سے باہر ہے۔ وہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت سے نالاں ہیں۔ لوگوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ بجلی سستی کی جائے اور اس کی بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنائی جائے، تاکہ سردیوں میں انہیں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


