مجتبیٰ علی شجاعی
دور حاضر کی عورت ایک ایسےپُرفتن اور تیز رفتار دور میں زندگی بسر کررہی ہے جہاں اس کے سامنے کامیابی کے ان گنت راستے ہیں، مگر ان راستوں کے ساتھ کئی فکری، اخلاقی اور سماجی چیلنجز بھی موجود ہیں۔ ایک طرف تعلیم، ملازمت، ٹیکنالوجی اور معاشی خودمختاری نے خواتین کے لئے نئے امکانات پیدا کیے ہیں تو دوسری طرف شناخت کا بحران، خاندانی نظام کی کمزوری، ظاہری خوبصورتی کا غیر ضروری دباؤ، سوشل میڈیا کی مصنوعی دنیا اور معاشرتی توقعات نے عورت کی زندگی کو کئی حوالوں سے پیچیدہ بنا دیا ہے۔ایسے پُر فتن دور اورپیچیدہ ماحول میں یہ سوال نہایت اہم ہے کہ آج کی عورت اپنے لئے کس کو نمونہ بنائے،کس شخصیت سے زندگی گزارنے کا سلیقہ سیکھےاورکس کے کردار سے اپنی شناخت، خودداری اور مقام کا تعین کرے؟
اس سوال کا جواب تاریخ بشریت کی ایک عظیم المرتبت شخصیت، حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت میں موجود ہے۔حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا صرف چودہ سو سال پہلے کی ایک آفاقی شخصیت نہیں بلکہ آپ کا کردارتا روز آخر ہر دور کی عورت کے لئے رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ آپ کی حیات اقدس کا مطالعہ کیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ ایک عورت بیک وقت ایک بہترین بیٹی، ایک مثالی زوجہ، ایک شفیق ماں، ایک باشعور خاتون، ایک صاحب علم شخصیت اور حق کی آواز بن سکتی ہے۔
موجودہ دور میں عورت کی کامیابی کو اکثر اس کی ظاہری خوبصورتی، لباس، شہرت، دولت اور سوشل میڈیا پر مقبولیت کے پیمانے سے ناپا جاتا ہے۔گویا ایک ایسا ماحول تشکیل دیا گیا ہے جہاں عورت کو بار بار یہ احساس دلایا جاتا ہے کہ اس کی قدر و قیمت اس کے ظاہری حسن اور دوسروں کی پسندیدگی سے وابستہ ہے۔لیکن حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا ہمیں ایک بالکل مختلف تصورعظمت سے روشناس کراتی ہے۔
خاتون جنت کی زندگی کا پیغام ہے کہ عورت کی اصل پہچان اس کا کردار، علم، حلم،تقویٰ، خودداری اور فکری بلندی ہے۔ انسان کی قدر اس بات سے نہیں ہوتی کہ دنیا اسے کس نظر سے دیکھتی ہے بلکہ اس سے ہوتی ہے کہ اس کے اندر کتنی اخلاقی اور انسانی خوبیاں موجود ہیں۔یہی وہ پیغام ہے جسے آج کی نوجوان نسل، خصوصاً لڑکیوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ اپنی شخصیت کو دوسروں کی پسند کے مطابق ڈھالنے کے بجائے اپنے علم، صلاحیتوں اور کردار کو مضبوط بنانا ہی حقیقی کامیابی ہے۔
آج خواتین کی تعلیم کو معاشرے کی ترقی کے لئے ناگزیر سمجھا جاتا ہے۔ ایک تعلیم یافتہ عورت نہ صرف اپنی زندگی بہتر انداز میں گزار سکتی ہے بلکہ ایک باشعور نسل کی تربیت میں بھی بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شخصیت علمی بصیرت اور قرآنی شعور کا ایک روشن نمونہ ہے۔ آپ کے خطبات اس بات کا ثبوت ہے کہ آپ قرآن، اسلامی تعلیمات، تاریخ اور معاشرتی مسائل پر گہری نظر رکھتی تھیں۔ آج کے زمانے کی عورت کے لئے اس میں ایک واضح پیغام موجود ہے کہ اسے صرف تعلیم حاصل کرنے تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ علم کو اپنی شخصیت، شعور اور معاشرتی کردار کا حصہ بنانا چاہیے۔ ایک عورت جتنی زیادہ باشعور ہوگی،جتنی زیادہ خود شناس ہوگی اتنا ہی بہتر انداز میں اپنے حقوق کو سمجھے گی اور اپنے خاندان و معاشرے کی رہنمائی کرسکے گی۔
موجودہ دور میں سوشل میڈیا نے انسانی زندگی کے طور طریقوں کو یکسر تبدیل کردیا ہے۔ نوجوان لڑکیاں اکثر دوسروں کی زندگیوں، لباس، رہن سہن اور ظاہری کامیابیوں سے اپنا موازنہ کرتی رہتی ہیں۔ اس مقابلے میں بعض اوقات اپنی شخصیت، ذہنی سکون اور خود اعتمادی بھی کھو بیٹھتی ہیں۔سیدۃنساء العالمین کی سیرت ہمیں حیا، وقار اور خودداری کا وہ تصور دیتی ہے جس میں عورت کی عزت و عظمت بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ حیا کا مطلب یہ نہیں کہ عورت اپنی صلاحیتوں کو چھپا لے یا معاشرے سے الگ ہوجائے، بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ اپنی شخصیت اور وقار کی حفاظت کرتے ہوئے زندگی کے ہر میدان میں اپنا کردار ادا کرے۔
عصر حاضر کی عورت کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ہر مقبول چیز قابل تقلید نہیں ہوتی اور ہر وہ چیز جو سوشل میڈیا پر خوبصورت دکھائی دیتی ہے، ضروری نہیں کہ حقیقی زندگی میں بھی اتنی ہی خوبصورت ہو۔ مصروفیات، معاشی دباؤ، انا اور عدم برداشت نے خاندانی رشتوں کو بھی متاثر کیا ہے۔ میاں بیوی کے درمیان معمولی اختلافات بعض اوقات بڑے تنازعات کی صورت اختیار کرلیتے ہیں، جبکہ والدین اور اولاد کے درمیان فاصلہ بھی بڑھتا جارہا ہے۔دختررسولؐ کی ازدواجی زندگی ہمیں محبت، اعتماد، ایثار اور باہمی احترام کا درس دیتی ہے۔ حضرت علی علیہ السلام کے ساتھ آپ کا رشتہ اس بات کی مثال ہے کہ مضبوط خاندان صرف مالی آسائشوں سے نہیں بلکہ ایک دوسرے کے احساسات کو سمجھنے، مشکلات میں ساتھ دینے اور باہمی احترام سے تشکیل پاتے ہیں۔یہاں یہ بات بھی قابل توجہ ہے کہ خاندانی نظام کی مضبوطی صرف عورت کی ذمہ داری نہیں، بلکہ مرد اور عورت دونوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ فاطمی کلچر ہمیں رشتوں میں محبت کے ساتھ عزت اور ذمہ داری کا شعور بھی عطا کرتی ہے۔
ایک اور چلینج جو آج کے معاشرے میں پنپ رہا ہےوہ بچوں کی تربیت کا معاملہ ہے۔ موبائل فون، انٹرنیٹ، غیر ضروری مصروفیات اور بدلتے ہوئے معاشرتی رجحانات نے والدین کے لئے نئی مشکلات پیدا کردی ہیں۔حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مجاہدانہ حیات اس حقیقت کی بہترین مثال ہے کہ ایک ماں اپنی اولاد کی شخصیت سازی میں کس قدر بنیادی کردار ادا کرسکتی ہے۔ آپ نے امام حسن علیہ السلام، امام حسین علیہ السلام ،حضرت زینب سلام اللہ علیہااور حضرت ام کلثوم سلام اللہ علیہاجیسی عظیم شخصیات کی تربیت کی۔ ماں کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنی اولاد کو صرف اچھے اسکولوں میں تعلیم دلانے پر اکتفا نہ کرے بلکہ ان میں سچائی، برداشت، خودداری، انسانیت، دوسروں کے احترام اور حق کے لئے کھڑے ہونے کا حوصلہ بھی پیدا کرے۔ کیونکہ معاشرے کا مستقبل صرف تعلیم یافتہ افراد سے نہیں بلکہ صاحب کردار انسانوں سے روشن ہوتا ہے۔
مختلف ذرائع ابلاغ کے ذریعے آئے روز یہ خبریں آتی ہیں کہ مختلف ممالک میں،مختلف خطوں اور مختلف علاقوں میں خواتین اپنے حقوق، سماجی مقام اور مساوی مواقع کے لئے آواز بلند کررہی ہیں۔یہ بات ٹھیک ہےایسا ہونا چاہئے لیکن حقوق کی بات کرتے ہوئے یہ بھی ضروری ہے کہ عورت اپنے اندر علمی، اخلاقی اور فکری قوت پیدا کرے۔پیامبر گرامی اسلام ؐ کی دختر گرامی اس سلسلے میں ایک غیر معمولی مثال ہے۔ آپ کی گفتگو میں علم، دلیل، جرأت اور وقار نمایاں تھا۔یہ آج کی عورت کے لئے ایک اہم سبق ہے کہ اپنے حقوق سے آگاہ ہونا، ناانصافی کے خلاف آواز اٹھانا اور اپنے مؤقف کو دلیل کے ساتھ پیش کرنا کمزوری نہیں بلکہ باشعور شخصیت کی علامت ہے۔
اس وقت عورت تعلیم، ملازمت، کاروبار، صحافت، سیاست، طب اور دیگر شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہے۔ اسے اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور معاشرے کی تعمیر میں حصہ لینے کا پورا موقع ملنا چاہیے۔ فاطمہ عورت کو یہ احساس دلاتی ہے کہ اس کی عظمت کسی ایک دائرے تک محدود نہیں۔ وہ اپنی دینی و اخلاقی شناخت برقرار رکھتے ہوئے علم حاصل کرسکتی ہے، اپنے حقوق کے لئے آواز اٹھا سکتی ہے اور معاشرے کی فکری و اخلاقی تعمیر میں حصہ لے سکتی ہے۔ضرورت اس بات کی ہے کہ خودمختاری کو بے لگام آزادی اور خاندانی ذمہ داریوں کو عورت کی صلاحیتوں کی رکاوٹ نہ سمجھا جائے۔ ایک متوازن زندگی وہی ہے جس میں انسان اپنی ذات، خاندان اور معاشرے تینوں کے حقوق کو سمجھتا ہو۔
آج ہم حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے ایام مناتے ہیں، آپ کے فضائل بیان کرتے ہیں، محافل منعقد کرتے ہیں اور اپنی بیٹیوں کو آپ سے محبت کا درس دیتے ہیں۔ لیکن کیا ہم نے کبھی یہ سوچا کہ ہماری عملی زندگیوں میں سیرتِ فاطمہ کا کتنا حصہ موجود ہے،کیا ہماری بیٹیوں کو وہ تعلیمی مواقع میسر ہیں جن کی وہ حق دار ہیں،کیا ہم ان کی رائے اور صلاحیتوں کا احترام کرتے ہیں؟،کیا ہم اپنی بچیوں کو خوداعتمادی، خودداری اور حق گوئی سکھاتے ہیں،کیا ہم اپنی گھریلو زندگیوں میں وہی محبت، ایثار اور احترام پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں جس کی مثال سیدہ کی زندگی میں ملتی ہے؟
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا سے محبت کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ ہم آپ کی سیرت کو صرف عقیدت کے اظہار تک محدود نہ رکھیں بلکہ اسے اپنی عملی زندگیوں میں جگہ دیں۔آج کی عورت کو فاطمہ سے صرف محبت کرنے والی نہیں بلکہ فاطمہ کے کردار سے سیکھنے والی نسل بننا چاہیے۔ ایسی نسل جو علم میں آگے ہو، کردار میں مضبوط ہو، اپنے حقوق سے واقف ہو، اپنی عزت نفس کی حفاظت کرنا جانتی ہو اور معاشرے کی تعمیر میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔فاطمہ صرف ماضی کی ایک عظیم ہستی نہیں، بلکہ آج کی عورت کے مستقبل کا راستہ بھی ہیں۔ زمانہ بدل سکتا ہے، معاشرتی تقاضے بدل سکتے ہیں، زندگی کے انداز بدل سکتے ہیں، لیکن کردار، علم، حیا، خودداری اور حق پرستی کی اہمیت کبھی ختم نہیں ہوسکتی۔اور شاید یہی سیرت فاطمہ کا سب سے بڑا پیغام ہے کہ عورت کو زمانے کے بدلتے ہوئے رجحانات میں اپنی شناخت کھونے کے بجائے اپنے کردار سے زمانے کی سمت متعین کرنی چاہیے۔


