خورشید ریشی
بچوں کے چھوٹے ہاتھوں کو چاند ستارے چھونے دو
چار کتابیں پڑھ کر یہ بھی ہم جیسے ہو جائیں گے
یومِ اطفال ہر سال 14 نومبر کو ہمارے ملک کے ہر گوشے میں بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ یہ دن ملک کے پہلے وزیرِاعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے یومِ پیدائش کے موقع پر منایا جاتا ہے۔ بچوں سے ان کی بے پناہ محبت اور شفقت کی وجہ سے انہیں پیار سے ’’چچا نہرو‘‘ کہا جاتا تھا۔ ان کا ماننا تھا کہ آج کے بچے کل کے شہری ہیں اور ان کی تعلیم، تربیت، خوشی اور بہتر نشوونما میں ہی ایک مضبوط اور ترقی یافتہ قوم کا مستقبل پوشیدہ ہے۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ بچے کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں۔ ان کی معصومیت، ان کے چہروں کی مسکراہٹ اور ان کے خواب ہمارے معاشرے کی خوبصورتی اور مستقبل کی امید ہیں۔ ابتدائی عمر ہی سے ان کی ذہنی، جسمانی اور اخلاقی نشوونما پر توجہ دینا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ بچوں کو صرف تعلیم فراہم کرنا کافی نہیں، بلکہ ان کے اندر انسان دوستی، صلہ رحمی، اخلاقی اقدار، بڑوں کا احترام اور اپنے ہم عمروں کے ساتھ محبت و خوش اسلوبی سے پیش آنے کی خوبیاں پیدا کرنا بھی ضروری ہے۔
چچا نہرو بچوں کو محض معصوم مخلوق نہیں سمجھتے تھے، بلکہ انہیں قوم کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد تصور کرتے تھے۔ ان کا یقین تھا کہ اگر بچوں کو بہتر تعلیم، اخلاقی تربیت اور صحت مند ماحول فراہم کیا جائے تو یہی بچے مستقبل میں ایک روشن، مضبوط اور خوشحال قوم کی تعمیر کر سکتے ہیں۔
بچوں کے چہروں پہ مسکان رہنے دو
دنیا کو ان کا گلستان رہنے دو
چچا نہرو نے بچوں سے پیار کیا
تعلیم و خوشی کا ان سے اقرار کیا
بچوں کا دن ہے خوشیوں کا پیغام
ہر دل میں جگاؤ محبت کا چراغ
یومِ اطفال کے موقعے پر ملک بھر میں تقریبات منعقد ہوتی ہیں، تعلیمی اداروں میں بچوں کا والہانہ استقبال کیا جاتا ہے، ان میں مٹھائیاں تقسیم کی جاتی ہیں اور ان کے حقوق و مسائل پر گفتگو ہوتی ہے۔ لیکن ایک اہم سوال یہ ہے کہ کیا بچوں کے حقوق اور ان کے مسائل صرف 14 نومبر تک محدود رہنے چاہئیں؟ کیا ایک دن تقریبات منعقد کرنے اور بچوں میں ٹافیاں تقسیم کرنے سے ہماری ذمہ داریاں پوری ہو جاتی ہیں؟ افسوس کہ اس ایک دن کے بعد سال بھر بچوں کے مسائل، ان کی مشکلات اور ان کے تحفظ کے حوالے سے وہ سنجیدگی نظر نہیں آتی جس کی ضرورت ہے۔
آج کے اس تیز رفتار اور مقابلے کے دور میں ترقی کی دوڑ نے کہیں نہ کہیں ہمارے بچوں سے ان کا بچپن چھین لیا ہے۔ ہر والدین کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کا بچہ زندگی میں بڑی کامیابیاں حاصل کرے، بڑے عہدوں پر فائز ہو اور معاشرے میں ایک نمایاں مقام حاصل کرے۔ لیکن اس خواہش کی تکمیل کے لئے بعض اوقات بچوں پر اتنا دباؤ ڈالا جاتا ہے کہ ان کی اپنی دلچسپیوں، خواہشات اور صلاحیتوں کو پسِ پشت ڈال دیا جاتا ہے۔
جس بچے کو ابھی اپنے والدین، دادا دادی اور نانا نانی کی گود میں کھیلنا، ان کے ساتھ ہنسنا، کھیلنا اور وقت گزارنا چاہیے، اسی عمر میں ہم اسے تعلیمی مقابلے کی دوڑ میں شامل کر دیتے ہیں۔ آج صورتِ حال یہ ہے کہ تین سال کی عمر میں ہی ننھے منے بچوں کو صبح سویرے گھروں سے نکال کر تعلیمی اداروں کی طرف روانہ کیا جاتا ہے۔ کئی بچوں کی نیند پوری نہیں ہوتی، ان کا ناشتہ مکمل نہیں ہوتا اور چہروں پر تھکن کے آثار نمایاں ہوتے ہیں۔ اسکول بسوں میں اکثر بچے نیند سے بے حال نظر آتے ہیں۔ اس پر مستزاد یہ کہ ان معصوم کندھوں پر چھ سے سات کلو وزنی اسکول بیگ لاد دیے جاتے ہیں۔
تعلیم کی اہمیت اور افادیت سے انکار ممکن نہیں، لیکن تعلیم کا مقصد ہرگز یہ نہیں ہونا چاہیے کہ ہم اپنے بچوں سے ان کا بچپن ہی چھین لیں۔ ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ بچپن زندگی کا وہ حسین دور ہے جو ایک مرتبہ گزر جائے تو دوبارہ کبھی لوٹ کر نہیں آتا۔ آج تک کسی کا بچپن واپس نہیں آیا اور نہ ہی کسی کا لڑکپن دوبارہ لوٹا ہے۔ پھر ہم کیوں اپنے بچوں سے ان کی زندگی کا یہ قیمتی دور چھین رہے ہیں؟
اس معاملے کا ایک اور پہلو والدین کا رویہ بھی ہے۔ اکثر والدین اپنے بچوں کو مختلف سرگرمیوں میں حصہ لینے سے روکتے ہیں۔ کبھی انہیں یہ مت کرو، وہ مت کرو کی نصیحت کی جاتی ہے، تو کبھی دوسروں کے بچوں کی مثالیں دے کر ان کا موازنہ کیا جاتا ہے۔ بچوں کو اپنی بات کہنے اور اپنی دلچسپی کے مطابق آگے بڑھنے کا موقع نہیں دیا جاتا۔ بعض اوقات والدین اپنی خواہشات بچوں پر اس قدر مسلط کر دیتے ہیں کہ ان کی اپنی دلچسپی اور صلاحیتیں دب کر رہ جاتی ہیں۔ نتیجتاً بچے ذہنی تناؤ اور کشیدگی کا شکار ہو جاتے ہیں۔
بچوں کو صرف نصیحتوں کی نہیں بلکہ محبت، اعتماد، حوصلہ افزائی اور مناسب مواقع کی بھی ضرورت ہوتی ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو پہچان سکیں اور انہیں نکھار سکیں۔ ہمیں بچوں کی حوصلہ شکنی کے بجائے ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے، ان کے مسائل کو سمجھنا چاہیے اور ان سے ہمیشہ محبت و شفقت کے ساتھ پیش آنا چاہیے۔
سلیقے سے گر بچوں کی پرورش کر لی
سمجھو آنے والی نسلوں کی حفاظت کر لی
یومِ اطفال منانے کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ جس طرح ہم اپنے بچوں کے مستقبل کے حوالے سے فکر مند رہتے ہیں، اسی طرح ہمیں معاشرے کے ہر بچے کے بارے میں بھی سوچنا ہوگا۔ یہ ذمہ داری صرف والدین یا تعلیمی اداروں کی نہیں بلکہ پورے معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ ہمارے بچے جس ماحول میں پرورش پاتے ہیں، وہ ماحول صرف ہمارے گھر تک محدود نہیں ہوتا، بلکہ انہیں معاشرے کے دوسرے بچوں کے ساتھ اٹھنا بیٹھنا، کھیلنا کودنا اور مختلف سرگرمیوں میں حصہ لینا ہوتا ہے۔ اگر ہم اپنے بچوں کے لئے ایک صحت مند اور خوشگوار ماحول چاہتے ہیں تو ہمیں معاشرے کے ہر بچے کے حقوق کا احترام کرنا ہوگا۔
اسی تناظر میں بچہ مزدوری ہمارے معاشرے کا ایک انتہائی سنگین مسئلہ ہے۔ آئے دن بازاروں، دکانوں اور تعمیراتی مقامات پر معصوم بچوں کو محنت مزدوری کرتے ہوئے دیکھ کر دل چھلنی ہو جاتا ہے۔ جس عمر میں ان ننھے ہاتھوں میں کاپی، کتاب اور قلم ہونا چاہیے، اس عمر میں وہ بازاروں میں مختلف اشیا فروخت کرتے، دکانوں پر کام کرتے یا اونچی اونچی عمارتوں پر اینٹیں اٹھاتے نظر آتے ہیں۔ جن کمزور کندھوں پر اسکول کا بستہ ہونا چاہیے، ان پر بھاری بوجھ لاد دیا جاتا ہے۔
نہ جانے وہ بچہ کس کھلونے سے کھیلتا ہوگا
جو دن بھر بازار میں کھلونے بیچتا ہوگا
افلاس کی بستی میں جا کر تو دیکھو
وہاں بچے تو ہوتے ہیں مگر بچپن نہیں ہوتا
یہ مناظر ہم سب کے لئے لمحۂ فکریہ ہیں۔ بحیثیت قوم ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ان معصوم بچوں کو بچہ مزدوری کی لعنت سے نجات دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان کے ہاتھوں سے اینٹیں اور بھاری بوجھ چھین کر انہیں قلم اور کتاب تھمائیں، انہیں تعلیم حاصل کرنے اور اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے یکساں مواقع فراہم کریں۔ ایسا کرکے ہم ان پر کوئی احسان نہیں کر رہے، بلکہ ان کا بنیادی حق انہیں واپس لوٹا رہے ہیں۔
اگر معاشرے کا ہر بچہ تعلیم یافتہ، خوشحال اور صحت مند ماحول میں پروان چڑھے گا تو اس کے مثبت اثرات ہمارے اپنے بچوں کی شخصیت اور مستقبل پر بھی مرتب ہوں گے۔ کیونکہ یہ تمام بچے ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں اور ہر بچے کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنی زندگی کے خوابوں میں اپنی مرضی کے رنگ بھر سکے۔ جب ہم معاشرے کے محروم بچوں کو بھی آگے بڑھنے کا موقع فراہم کریں گے تو درحقیقت ہم ایک بہتر اور روشن معاشرے کی بنیاد رکھ رہے ہوں گے۔
بچوں کی شخصیت سازی میں گھر کے ماحول کا کردار بھی انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ والدین بچوں کے پہلے استاد اور گھر ان کا پہلا تعلیمی ادارہ ہوتا ہے۔ بچے اپنے اردگرد کے ماحول سے بہت کچھ سیکھتے ہیں۔ اگر گھر میں محبت، احترام، برداشت اور اخلاق کا ماحول ہوگا تو یہی خوبیاں ان کی شخصیت کا حصہ بنیں گی۔ اس کے برعکس اگر بچوں کے سامنے لڑائی جھگڑا، گالم گلوچ، نفرت اور عدم برداشت کا مظاہرہ کیا جائے گا تو اس کے منفی اثرات ان کی ذہنی اور اخلاقی نشوونما پر بھی مرتب ہوں گے۔ لہٰذا والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کے سامنے ایک اچھے کردار اور مثبت رویے کی مثال قائم کریں۔
یومِ اطفال کا حقیقی مقصد صرف ایک دن بچوں کو خوش کرنا نہیں، بلکہ ان کے لئے ایسا ماحول تشکیل دینا ہے جہاں وہ محبت، امن، آزادی اور اعتماد کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔ انہیں کھلی فضا میں سانس لینے، کھیلنے کودنے، اپنے بزرگوں کے ساتھ وقت گزارنے اور اپنی دلچسپیوں کے مطابق آگے بڑھنے کا موقع ملنا چاہیے۔ بچوں کے چہروں پر مسکراہٹ برقرار رکھنا اور ان کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لئے راستے ہموار کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
آخر میں یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ بچوں کو صرف اچھے مستقبل کے خواب دکھانا کافی نہیں، بلکہ انہیں آج ایک خوبصورت بچپن دینا بھی ضروری ہے۔ ہمیں اپنے بچوں کی خوشیوں کا گلا نہیں گھونٹنا چاہیے، ان کی آزادی نہیں چھیننی چاہیے اور انہیں غیر ضروری توقعات اور دباؤ کے بوجھ تلے نہیں دبانا چاہیے۔ انہیں جینے، سیکھنے، کھیلنے اور اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا پورا حق ملنا چاہیے۔
آئیے! اس یومِ اطفال پر ہم سب یہ عہد کریں کہ بچوں کے حقوق کا تحفظ صرف ایک دن کی سرگرمی نہیں بلکہ ہماری روزمرہ زندگی کا حصہ ہوگا۔ ہم اپنے بچوں سمیت معاشرے کے ہر بچے کے ساتھ محبت، شفقت اور احترام سے پیش آئیں گے، ان کی اخلاقی تربیت کریں گے اور انہیں ایک ایسا ماحول فراہم کریں گے جہاں ان کی معصومیت، خوشیاں اور خواب محفوظ رہ سکیں۔
کیونکہ آج کے بچے ہی کل کے معمار ہیں۔ اگر ہم نے آج ان کے بچپن کی حفاظت کر لی، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے مواقع فراہم کیے اور ان کے لئے ایک بہتر ماحول تشکیل دیا تو یقیناً آنے والی نسلیں ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد بنیں گی۔ تبھی ہم صحیح معنوں میں یومِ اطفال منانے کے مقصد کو حاصل کر سکیں گے۔


