جنگ نیوز+ہندوستان سماچار
سرینگر/ کشمیر کی روایتی دستکاری پیپر ماشی سے وابستہ کاریگر ان دنوں کرسمس کے لئے مختلف آرائشی اشیا اور تحائف تیار کرنے میں مصروف ہیں۔ یورپی اور مغربی ممالک سے ہر سال ملنے والے آرڈرز اس قدیم فن سے وابستہ کاریگروں کے لئے روزگار کا اہم ذریعہ بن رہے ہیں۔
جنوبی کشمیر کے چھترگل اننت ناگ سے تعلق رکھنے والے معروف کاریگر محمد یوسف نے بتایا کہ انہیں کرسمس کے لئے ستارے، گھنٹیاں، رنگ برنگی گیندیں اور کرسمس ٹری سمیت مختلف مصنوعات تیار کرنے کے بڑے آرڈر ملے ہیں۔ ان کے مطابق یورپی ممالک میں ہاتھ سے بنی اشیا کی قدر کی جاتی ہے، تاہم امریکی ٹیرف میں اضافے کے باعث وہاں سے آرڈرز میں کمی آئی ہے۔
محمد یوسف گزشتہ 40 برس سے اس پیشے سے وابستہ ہیں اور اب تک تقریباً 3 ہزار افراد، جن میں بیشتر خواتین ہیں، کو پیپر ماشی کا ہنر سکھا چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ دستکاری خواتین کے لئے گھر بیٹھے روزگار حاصل کرنے کا ایک بہتر ذریعہ ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر بھی زور دیا کہ وہ اس ہنر کو سیکھ کر خود کفیل بنیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں مساجد اور زیارت گاہوں کو پیپر ماشی سے سجانے کا رجحان بھی بڑھ رہا ہے، جو اس فن کے تحفظ اور کاریگروں کے روزگار کے لئے خوش آئند ہے۔
واضح رہے کہ پیپر ماشی کا فن تقریباً سات صدی قبل ایران سے کشمیر پہنچا اور آج اپنی نفیس نقاشی اور منفرد ڈیزائنوں کے باعث عالمی سطح پر پہچان رکھتا ہے۔ اس میں کاغذ کے گودے سے مختلف اشیا تیار کرکے ان پر رنگوں اور باریک نقش و نگار سے خوبصورتی پیدا کی جاتی ہے۔


