جنگ نیوز
جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے نوپورہ اکھرن علاقے میں بدھ کو سیکورٹی فورسز کی مستعدی اور فوری جوابی کارروائی کے نتیجے میں جنگجوؤں کا ایک بڑا حملہ ناکام بنا دیا گیا، تاہم فائرنگ کے تبادلے میں سی آر پی ایف کے 3 اہلکار زخمی ہوگئے۔
ایک اعلیٰ پولیس افسر کے مطابق، خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر علاقے میں سیکورٹی تعینات کی گئی تھی۔ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار 2 جنگجو قریباً 50 میٹر دور درختوں کے جھنڈ سے نمودار ہوئے۔ ان میں سے ایک نے فورسز پر فائرنگ کی، جبکہ دوسرا سڑک پر رہ کر اسے تحفظ فراہم کرتا رہا۔ تاہم فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے جنگجوؤں کے منصوبے ناکام بنا دیے اور انہیں فرار ہونے پر مجبور کردیا۔
افسر نے بتایا کہ زخمی ہونے کے باوجود ایک سی آر پی ایف اہلکار نے جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں حملہ آور اپنے مقصد میں کامیاب ہوئے بغیر فرار ہوگئے۔ بروقت کارروائی نے ایک بڑے جانی نقصان کو ٹال دیا۔
زخمی اہلکاروں کی شناخت کانسٹیبل راکیش داس، ہیڈ کانسٹیبل سوم ویر سنگھ اور کانسٹیبل سنتوش چندرو کے طور پر ہوئی ہے، جو سی آر پی ایف کی 46ویں بٹالین سے وابستہ ہیں۔ انہیں فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا، جہاں سے سنتوش چندرو کو مزید علاج کے لئے بذریعہ ہیلی کاپٹر 92 بیس اسپتال سرینگر منتقل کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر بلال محی الدین بھٹ، آئی جی سی آر پی ایف اور آئی جی کشمیر سجیت کمار نے جی ایم سی اننت ناگ پہنچ کر زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔ بعد ازاں دونوں پولیس و سی آر پی ایف افسران نے جائے واردات کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق، خروان چڈھر کولگام سے تعلق رکھنے والے جنگجو محمد لطیف بٹ کو حملے کا مبینہ منصوبہ ساز قرار دیا جارہا ہے۔ اس کے سر پر 15 لاکھ روپے کا انعام مقرر ہے اور وہ رواں برس ایک پولیس اہلکار اور ایک غیر مقامی مزدور کے قتل میں بھی مبینہ طور پر ملوث رہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ گزشتہ برس جنگجوؤں کی صفوں میں شامل ہوا تھا۔
حملہ آوروں کی گرفتاری کے لئے پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ ادھر فرانزک ٹیم نے جائے واردات سے نمونے اور دیگر شواہد بھی جمع کیے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سرینگر کے بیس اسپتال کا دورہ کرکے حملے میں شدید زخمی ہونے والے سی آر پی ایف ہیڈ کانسٹیبل کی عیادت کی اور ان کی جلد و مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی


