جنگ نیوز ڈیسک
سرینگر، 10 نومبر: نیشنل کانفرنس کے چیف ترجمان اور رکن اسمبلی زڈی بل تنویر صادق نے قائد حزب اختلاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر وہ سمجھتے ہیں کہ سیاسی بیان بازی سے نیشنل کانفرنس کو کمزور کیا جا سکتا ہے تو وہ خوش فہمی میں مبتلا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کوئی نئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ کئی دہائیوں کی جدوجہد، قربانیوں اور عوامی حقوق کی خاطر دی گئی بے شمار قربانیوں سے قائم ہونے والا ادارہ ہے۔ جماعت نے کئی سیاسی سازشوں اور مشکل حالات کا مقابلہ کیا، لیکن عوام کے ساتھ اس کا رشتہ آج بھی مضبوط ہے۔
تنویر صادق نے کہا کہ قائد حزب اختلاف اپنی پوری جماعت کو بھی نیشنل کانفرنس کے خلاف متحد کر لیں تو اس کی بنیادوں کو معمولی نقصان بھی نہیں پہنچا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اپنی سیاسی تاریخ اور عوامی حمایت سے طاقت حاصل کرتی ہے، جبکہ اس کی توجہ حکومت کے وعدوں کی تکمیل اور عوامی مسائل کے حل پر مرکوز ہے۔
دریں اثنا، تنویر صادق نے حلقہ انتخاب زڈی بل کے نیو کالونی لال بازار اور نو شہرہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے ترقیاتی کاموں اور عوامی شکایات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے چوہوں کی آماجگاہ بنے نو شہرہ گھاٹ کی مرمت اور بحالی کی ہدایت دی۔
انہوں نے حوال کی بیوہ مسرا بانو، جن کا مکان قدرتی آفت میں متاثر ہوا تھا، کو ایک لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی اور مزید تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے لال بازار میں مجوزہ فائر اسٹیشن کو جلد محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے حوالے کرنے کی کوششیں تیز کرنے کا بھی یقین دلایا۔ بعد ازاں انہوں نے پی ایچ سی لال بازار کا اچانک دورہ کرکے مریضوں اور تیمارداروں سے بات چیت کی اور طبی سہولیات سے متعلق شکایات کے ازالے کی یقین دہانی کرائی۔


