مویشیوں پر زکوٰۃ: نصاب اور شرعی احکام

ڈاکٹر محمد واسع ظفر
اسلام نے بشمول زرعی پیداوار و روایتی اموال، مویشیوں پر بھی زکوٰۃ فرض کی ہے اور اس کی ادائیگی کے لئے مخصوص نصاب اور شرعی شرائط مقرر کی ہیں۔ اونٹ، گاے، بھینس، بھیڑ اور بکری وغیرہ کی زکوٰۃ کا نصاب اور مقدار، ان کی تعداد اور دیگر متعلقہ شرائط کے لحاظ سے متعین ہوتی ہے۔ اس لئے مویشی پالنے والوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ ان احکام سے واقف ہوں تاکہ زکوٰۃ کی ادائیگی میں شرعی اصولوں کی رعایت کرسکیں اور اللہ تعالیٰ کے عائد کردہ اس فریضے کو درست طور پر ادا کرکے مستحقین کے حقوق کی ادائیگی کا اہتمام کریں۔ زیر نظر تحریر میں مویشیوں کے نصاب اور اس سے متعلق شرعی احکام کو ترتیب وار قدرے تفصیل سے پیش کیا جارہا ہے۔
پالتو چوپایوں پر زکوٰۃ کی فرضیت کے لئے چند مخصوص شرائط ہیں: (۱) انھیں دودھ، گھی وغیرہ حاصل کرنے یا افزائش نسل کے لئے پالا گیا ہو؛ جو جانور سواری، بار برداری یا ہل، گاڑی ، رہٹ وغیرہ چلانے یا ذبح کرنے کے لئے پالے گئے ہوں، ان پر کوئی زکوٰۃ نہیں ہے۔ (۲) وہ سائمہ ہوں یعنی جن کا گزر بسر سال کے اکثر حصے میں جنگلوں، میدانوں یا وادیوں وغیرہ میں مباح سبزہ چرنے پر ہوتا ہو؛ اگر نصف سال یا اس سے زیادہ مدت مالک ان کو اپنی طرف سے چارہ قیمتاً خرید کر کھلاتا ہو، تو ان پر زکوٰۃ فرض نہیں ہے۔ (۳) ان کی تعداد نصاب کو پہنچ رہی ہو۔ (۴) مالک کی ملکیت میں رہتے ہوئے ان پر سال گزر جائے۔ سائمہ جانور جن پر زکوٰۃ فرض ہے، یہ ہیں؛ اونٹ، گاے، بھینس، بھیڑ اور بکری۔ ان سب کا نصاب الگ الگ ہے۔ اونٹ اور بکری کا نصاب حضرت ابوبکرؓ کی حدیث سے ثابت ہے جو صحیح بخاریؒ میں حدیث نمبر ۱۴۵۴، سنن ابی داؤدؒ میں حدیث نمبر ۱۵۶۷، سنن ابن ماجہ میں حدیث نمبر ۱۸۰۰، اور صحیح ابن حبانؒ میںحدیث نمبر۳۲۶۶، پر درج ہے، بکریوں کے نصاب ہی کا اطلاق بھیڑوں اور دنبوں پر ہوتا ہے۔ گاے کی زکوٰۃ کا نصاب حضرت معاذ بن جبلؓ کی روایت سے ثابت ہے جو سنن ترمذیؒ میں حدیث نمبر ۶۲۳، سنن ابی داؤدؒ میں حدیث نمبر ۱۵۷۶، سنن نسائی میں حدیث نمبر ۲۴۵۲ تا ۲۴۵۵، سنن ابن ماجہؒ میں حدیث نمبر ۱۸۰۳ ، مسند احمد میں حدیث نمبر ۲۲۰۱۳، ۲۲۰۳۷، ۲۲۰۸۴، اور صحیح ابن حبانؒ میںحدیث نمبر ۴۸۸۶ پر درج ہے، گاے ہی کے نصاب کا اطلاق بیل اور بھینس پر ہوتا ہے۔ ان احادیث کی روشنی میں ان جانوروں کا نصاب یہاں مختصر طور پر پیش کیا جاتا ہے۔
اونٹ کا نصاب کم از کم پانچ اونٹ ہیں، یعنی پانچ سے کم اونٹوں پر کوئی زکوٰۃ واجب نہیںہے کیوں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے: ’’جس شخص کے پاس صرف چار اونٹ ہوں، ان میں زکوٰۃ واجب نہیں ہے الا یہ کہ ان کا مالک اپنی خوشی سے کچھ دے دے۔ ‘‘ (صحیح البخاريؒ، حدیث نمبر ۱۴۵۴)۔ ایک اور حدیث میں ہے: ’’پانچ سے کم اونٹوںمیں زکوٰۃ واجب نہیں ہے۔‘‘ (صحیح البخاريؒ، حدیث نمبر ۱۴۴۷)۔ جب اونٹوں کی تعداد پانچ پوری ہو جائے تو ان کی زکوٰۃ ایک بکری ہے جو ایک سال پورا کرکے دوسرے سال میں ہو، بکری کی جگہ بھیڑ یا دنبہ بھی دیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح ۲۴ کی تعداد تک ہر پانچ اونٹ پر ایک بکری ہی واجب ہے، جب اونٹوں کی تعداد ۲۵ ہو جائے تو ۲۵ سے ۳۵ تک ایک ایسی اونٹنی جو ایک سال مکمل کرکے دوسرے سال میں قدم رکھ چکی ہو (جسے عربی میں ’بنت مخاض‘ کہتے ہیں) ، بطور زکوٰۃ واجب ہوگی۔ جب اونٹوں کی تعداد ۳۶ ہو جائے تو ۳۶ سے ۴۵ تک ایک ایسی اونٹنی زکوٰۃ کے طور پر واجب ہوگی جو دوسال مکمل کرکے تیسرے میں داخل ہو چکی ہو جسے عربی میں ’بنت لبون‘ کہتے ہیں ۔ جب تعداد ۴۶ تک پہنچ جائے تو ۴۶ سے ۶۰ تک میں تین سال مکمل کرکے چوتھے سال میں داخل ہونے والی اونٹنی واجب الادا ہوگی جسے عربی میں ’حِقَّہ‘ کہتے ہیں۔ جب تعداد ۶۱ تک پہنچ جائے تو ۶۱ سے ۷۵ تک کی زکوٰۃ چار سال پورے کرکے پانچویں میں داخل ہوئی اونٹنی ہوگی جسے عربی میں ’جَذَعَہ‘ کہتے ہیں۔ جب تعداد ۷۶ تک پہنچ جائے تو ۷۶ سے ۹۰ تک دو سال کی عمر مکمل کرچکی دو اونٹنیاں (بنت لبون) واجب ہوں گی۔ جب تعداد ۹۱ تک پہنچ جائے تو ۹۱ سے ۱۲۰ تک تین تین سال کی عمر مکمل کرچکی دو اونٹنیاں (حِقَّہ) واجب ہوں گی، پھر اگر تعداد ۱۲۰ سے بھی آگے بڑھ جائے تو ہر ۴۰ اونٹوںپر ایک دو سالہ اونٹنی (بنت لبون) اور ہر ۵۰ پر ایک تین سالہ اونٹنی (حِقَّہ ) واجب ہوگی۔
گاے کی زکوٰۃ کا نصاب کم از کم تیس گاے ہیں، ان سے کم تعداد پر کوئی زکوٰۃ نہیں ہے۔ جب تعداد ۳۰ ہو تو ان کی زکوٰۃ دوسرے سال میں قدم رکھنے والا ایک بچھڑا (تبیع) یا دوسرے سال میں قدم رکھنے والی ایک بچھیا (تبیعہ) ہے؛ اور تعداد جب ۴۰ ہوجائے تو ان کی زکوٰۃ دو سال مکمل کرچکی ایک بچھیا (مُسِنَّہ) ہے۔ پھر جب گایوں کی تعداد ۶۰ ہو جائے تو ان میں دوسرے سال میں داخل دو بچھڑے یا بچھیا ں ( یعنی دو تبیعے) زکوٰۃ کے طور پر واجب ہیں؛ اور جب ۷۰ ہو جائے تو ان میں تیسرے سال میں داخل ایک بچھیا (مُسِنَّہ) اور دوسرے سال میں چلنے والا ایک بچھڑا (تبیع) یا دوسرے سال میں چلنے والی ایک بچھیا (تبیعہ) واجب ہوگی۔ اسی طرح جب تعداد ۸۰ ہوجائے تو ان کی زکوٰۃ دو سال مکمل کر چکی دو بچھیاں (مُسِنَّہ) ہیں؛ ۹۰ ہوجائے تو ایک سال مکمل کر چکی تین بچھیاں (تبیعہ) ہیں۔ پھر ۱۲۰ کی تعداد پر دو سال مکمل کر چکی تین بچھیاں (مُسِنَّہ) یا ایک سال مکمل کر چکے چار بچھڑے (تبیع) یا اسی عمر کی چار بچھیاں (تبیعہ) بطور زکوٰۃ ادا کرنا ہوگا۔ گایوں کی تعداد ۱۲۰ سے بھی زائد ہونے پر، ہر ۳۰ پر ایک سال مکمل کرچکا ایک بچھڑا (تبیع) یا اسی عمر کی ایک بچھیا (تبیعہ) اور ہر ۴۰ پر دو سال مکمل کر چکی ایک بچھیا (مُسِنَّہ) کے حساب سے زکوٰۃ واجب ہوگی۔ بیل اور بھینس کی زکوٰۃ کا نصاب بھی گاے ہی کی طرح ہے۔
بکریوں میں زکوٰۃ کانصاب کم از کم ۴۰ بکریاں ہیں یعنی ان سے کم پر کوئی زکوٰۃ نہیں ہے الا یہ کہ ان کا مالک خود دینا چاہے، جب ۴۰ ہوجائیں تو ۴۰ سے ۱۲۰ کی تعداد تک ایک بکری واجب ہوگی؛ اور جب ۱۲۰ سے تعداد بڑھ جائے تو ۲۰۰ تک دو بکریاں واجب ہوں گی۔ اگر ۲۰۰ سے بھی تعداد زیادہ ہو جائے تو ۲۰۰ سے ۳۰۰ تک تین بکریاں واجب ہوں گی؛ اور جب ۳۰۰ سے بھی تعداد آگے نکل جائے تو اب ہر ایک سو (۱۰۰) پر ایک بکری کے حساب سے زکوٰۃ واجب ہوگی۔ بکریوں کی زکوٰۃ میں جمہور کے مطابق صرف وہ بکری دی جائے گی جس کا ایک سال مکمل ہوچکا ہو اور وہ دوسرے سال میں داخل ہوئی ہوجسے عربی میں ’’ثَنِیَّۃ‘‘ کہتے ہیں۔ بھیڑ اور دنبے پر بھی بکریوں کا ہی نصاب نافذ ہوگا لیکن ان میں ایک سال سے کم عمر کا دنبہ (جذع) بھی زکوٰۃ میں دینا درست ہے۔ نیز ان سب کی زکوٰۃ میں مادہ کی جگہ نر کا دینا بھی درست ہے۔
فقہا کا اس امر پر اتفاق ہے کہ اجناس کی مختلف انواع کو زکوٰۃکے حساب میں ایک دوسرے میںضم کیا جائے گا، چنانچہ بھیڑوں کو بکریوں کے ساتھ ضم کیا جائے گا کیوں کہ یہ ایک ہی جنس ’غنم‘ کی دو انواع ہیں اور بھینسوں کو گایوں کے ساتھ ضم کیا جائے گا کیوں کہ یہ ایک ہی جنس ’بقر‘ کی دو انواع ہیں۔ مثال کے طور پر اگر کسی شخص کے پاس ۳۰ بکریاں اور ۱۰ بھیڑیں ہوں تو چالیس کا نصاب پورا ہو جائے گا اور ان میں ایک بھیڑ یا ایک بکری واجب ہوگی۔ اسی طرح کا اہتمام گاے اور بھینسوں کے معاملے میں بھی ہو گایعنی دونوں انواع کو یکجا کرکے نصاب متعین کیا جائے گا اور اس کے مطابق کسی بھی نوع سے مقررہ زکوٰۃ ادا کی جا سکے گی۔ مذاہب اربعہ کے فقہا کا اس امر پر بھی اتفاق ہے کہ جانوروں کے بچے زکوٰۃ میں اپنی اصل کے تابع ہوں گے، یعنی گنتی میں ان کو بھی شمار کیا جائے گا۔ زکوٰۃکے حساب میں فقہا اس امرپر بھی متفق ہیں کہ دو مقررہ نصابوں کے درمیان کی تعداد جسے ’وقص‘ (جمع ’اوقاص‘) کہا جاتا ہے، قابل عفو ہے یعنی اس پر کوئی زکوٰۃ نہیں ہے۔ مثال کے طور پر پانچ اونٹوں کی زکوٰۃ ایک بکری ہے اور دس اونٹوں پر دو بکریاں ہیں، لیکن اونٹوں کی تعداد اگر نو ہو تب بھی ایک بکری ہی زکوٰۃ واجب ہوگی؛ چھ سے نو تک کی تعداد یہاں وقص ہے اور قابل معافی ہے۔ اسی طرح پچیس اونٹوں پر ایک بنت مخاض اور ۳۶ سے ۴۵ کی تعداد پر ایک بنت لبون واجب ہے؛ یہاں ۲۶ سے ۳۵ تک کی تعداد وقص ہے، تو اس درمیانی تعداد پر کچھ بھی عائد نہیں ہوتا۔ یہی حکم دیگر اوقاص کا بھی ہے۔ اس سلسلے میں حضرت عبداللہ بن عباسؓ کی روایت ہے کہ حضرت معاذ بن جبلؓ نے اوقاص کے بارے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا تھا، تو آپؐ نے فرمایا: ’’لَیْسَ فِیْھَا شَيْئٌ‘‘ ’’اس میں کچھ بھی عائد نہیں ہے۔‘‘ (سنن الکبریٰ للبیہقیؒ، حدیث نمبر ۷۲۹۳)۔
  جمہور فقہا اس بات پر بھی اتفاق رکھتے ہیں کہ مویشیوں کی زکوٰۃ میں مجوزہ نوعیت کا جانور ہی دیا جائے گا، اس کی قیمت دینا جائز نہیں؛ لیکن احناف کے نزدیک مقررہ جانور کی قیمت دینا بھی درست ہے۔ نیز اس امر پر بھی اتفاق ہے کہ مویشیوں کی زکوٰۃ میں عیب دار بوڑھا، لاغر، خارش زدہ بیمار، کانا یا کم دودھ دینے والا جانور نہیں دیا جائے گا، اور نہ ہی بہت عمدہ اور بہترین جانور جبراً وصول کیے جائیں، الا یہ کہ مالک اپنی خوشی سے دے۔ اس سلسلے میں مناسب طرزعمل یہ ہے کہ درمیانی قسم کے جانور بطور زکوٰۃ وصول کیے جائیں۔
  جو جانور تجارت کی غرض سے پالے گئے ہوں، ان پر مویشیوں کی زکوٰۃ سے متعلق شرائط و احکام نافذ نہیں ہوتے بلکہ اموال تجارت کی زکوٰۃ کے احکام لاگو ہوتے ہیں۔ ایسے جانوروں کی زکوٰۃ ادا کرنے کے لئے ان کی تعداد نہیں دیکھی جائے گی بلکہ سال گزرنے پر ان سب کی موجودہ بازاری قیمت (Current Market Value) متعین کی جا ئے گی، اور اس کل قیمت کو مالک کے پاس موجود نقد رقم اور سونے چاندی کی مالیت کے ساتھ ملایا جائے گا؛ اگر وہ رقم ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت (جو کہ زکوٰۃ کا بنیادی نصاب ہے) کے برابر یا اس سے زائد ہو، تو پوری مالیت کا ڈھائی فی صد بطور زکوٰۃ نقد رقم یا اتنی ہی قیمت کے جانور کی شکل میں ادا کرنا لازم ہوگا۔ مویشی بانی (Cattle Farming) کے پیشے سے منسلک افراد کو اس مسئلے کو اچھی طرح سمجھ لینا چاہیے تاکہ وہ اپنے اوپر واجب الادا زکوٰۃ کا حساب درست طریقے سے لگا سکیں۔
  گھوڑوں، گدھوںاور خچروں پر جو سواری اور باربرداری کی غرض سے پالے گئے ہوں، کوئی زکوٰۃ نہیں ہے؛ البتہ اگر یہ تجارت کی غرض سے رکھے گئے ہوں تو ان پر بھی زکوٰۃ عائد ہوگی اور سامان تجارت کی طرح ان کی بھی بازاری قیمت لگا کر، اس کا ڈھائی فی صد حسب اصول زکوٰۃ کے طور پر ادا کرنا ہوگا۔ اللہ تعالیٰ ہر مکلف کو ان احکام کی پاسداری کی توفیق عنایت کرے۔ آمین! یا رب العالمین!
 ٭٭٭٭٭

مصنف کے بارے میں

ہمارے واٹس ایپ چینل کو جوائن کریں

تازہ ترین خبریں

جموں کشمیر میں PG اور سینئر ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کی ہڑتال میں شدت

جنگ نیوز ڈیسک سری نگر/جموں و کشمیر میں PG اور...

گرین انڈیا مشن سنجیدگی کا فقدان!

گرین انڈیا مشن کی ناکامی محض انتظامی کوتاہی نہیں،...

سڑے گوشت کے معاملے پر JKUPA کاوفدصوبائی کمشنرکشمیر سے ملاقی

جنگ نیوزڈیسک سرینگر: جموں و کشمیر یونائیٹڈ پیپلز الائنس (JKUPA)...

گوجری کی ملکۂ نغمہ بیگم جان کی خدمات کا JNUمیں اعتراف

جنگ نیوز ڈیسک نئی دہلی، 22 نومبر: گوجر بکروال اکیڈمک...