جنگ نیوز
سرینگر/ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے وزیر اعظم روزگار پیداوار پروگرام (پی ایم ای جی پی) کے تحت قرضوں میں مبینہ دھاندلی کے معاملے میں سرینگر اور بانڈی پورہ اضلاع میں63.10کروڑ روپے مالیت کی 11 غیر منقولہ جائیدادیں عارضی طور پر منسلک کرلی ہیں۔
ای ڈی کے مطابق یہ کارروائی منی لانڈرنگ کی روک تھام سے متعلق قانون (پی ایم ایل اے) 2002 کے تحت کی گئی ہے۔ منسلک اثاثوں میں زمین اور عمارتیں شامل ہیں، جو مبینہ طور پر سپلائرز، دلالوں، جے اینڈ کے بینک کے بعض اہلکاروں اور دیگر افراد کے قبضے میں ہیں۔
تحقیقات کا آغاز اینٹی کرپشن بیورو اور سی بی آئی سرینگر کی جانب سے درج 2 ایف آئی آرز کی بنیاد پر کیا گیا۔ تفتیش میں انکشاف ہوا کہ مبینہ طور پر فرضی قرض داروں، جعلی بلوں اور غیر موجود کمپنیوں کے نام پر دستاویزات تیار کرکے بینک حکام اور نجی افراد کی ملی بھگت سے قرضے حاصل کیے گئے۔
ای ڈی کے مطابق سمبل اور گامود گڈکھود شاخوں میں پی ایم ای جی پی کے تحت 270 ٹرم لون اور اتنے ہی ورکنگ کیپیٹل قرض کھاتے پائے گئے، جبکہ غیر فعال قرضوں کی مالیت 32 کروڑ روپے تھی۔
تحقیقات میں37.11کروڑ روپے کے مبینہ جرائم سے حاصل شدہ اثاثوں کا سراغ بھی لگایا گیا، جنہیں مختلف بینک کھاتوں کے ذریعے منتقل کرکے جائیدادوں کی تعمیر، تزئین و آرائش اور ذاتی مفادات کے لئے استعمال کیا گیا۔
ای ڈی نے بتایا کہ ہلال احمد وانی سمیت متعدد افراد مبینہ طور پر اس فراڈ میں اہم کردار ادا کرتے رہے۔ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔


