ہندوستان سماچار
سری نگر/جنگ نیوز/ وادی کشمیر میں موسم خزاں، جسے مقامی زبان میں ’ہرود‘ کہا جاتا ہے، اپنے عروج پر ہے۔ چنار کے درختوں کے سبز پتے زرد اور سرخ رنگ اختیار کر رہے ہیں، جبکہ زمین پر بکھرے سنہرے پتے سیاحوں کے لئے دلکش نظارہ پیش کر رہے ہیں۔
کشمیر یونیورسٹی کا نسیم باغ، مغل باغات، اننت ناگ کا شیر باغ اور اچھہ بل ان دنوں مقامی و غیر مقامی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ سیاح ان خوبصورت مناظر کو کیمروں میں محفوظ کر رہے ہیں۔ دہلی سے آئے ایک خاندان نے کہا کہ کشمیر کے موسم خزاں کے بارے میں سنی گئی باتیں یہاں آکر درست ثابت ہوئیں اور حقیقت میں یہ مناظر توقع سے کہیں زیادہ خوبصورت ہیں۔
ایک اور سیاح محمد صابر نے بتایا کہ وہ پہلے گرمیوں میں گلمرگ اور پہلگام آیا کرتے تھے، تاہم اس بار خزاں میں کشمیر کی سیر کا تجربہ ان کے لئے منفرد رہا اور اب وہ ہر سال اسی موسم میں آنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ادھر نہرو میموریل بوٹینیکل گارڈن میں قائم باغ گل داؤد (کرسنتھیمم گارڈن) بھی سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بنا ہوا ہے۔ حکام کے مطابق اس باغ کو خزاں کے موسم میں سیاحوں کی توجہ برقرار رکھنے کے مقصد سے تیار کیا گیا ہے۔ کئی سیاح یہاں کی سیر کے بعد گلمرگ اور پہلگام کا رخ کرتے ہیں۔
سیاحوں کی بڑھتی آمد میں کٹرہ۔سری نگر وندے بھارت ٹرین اور شہر میں شروع ہونے والی کیب سروس کو بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ ان سہولیات سے کم بجٹ والے سیاحوں کے لئے سفر اور مقامی مقامات تک رسائی آسان ہوئی ہے۔ مقامی تاجروں کا کہنا ہے کہ سیاحوں کی آمد سے کاروبار میں بھی بہتری آئی ہے، جبکہ شالوں اور خشک میوہ جات کی خریداری میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
دریں اثنا، محکمہ موسمیات نے 10 نومبر سے موسم میں تبدیلی کی پیش گوئی کرتے ہوئے بالائی علاقوں میں تازہ برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے، جس سے سیاحوں کی دلچسپی مزید بڑھنے کی توقع ہے۔


