جنگ نیوز ڈیسک
کلگام/وزیر برائے سماجی بہبود ، تعلیم ، صحت و طبی تعلیم محترمہ سکینہ ایتو نے آج گورنمنٹ ڈگری کالج کلگام کے آڈیٹوریم ہال میں بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ ( بی بی بی پی ) کے تحت ضلع کی مختلف لڑکیوں کے کھیلوں کے ٹورنامنٹس کی اعلیٰ کارکردگی والی ٹیموں اور نیٹ کوالیفائیرز کیلئے منعقدہ اعزازی تقریب کی صدارت کی ۔
یہ تقریب سماجی بہبود محکمہ کلگام نے کھیل ، اعلیٰ تعلیم اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر محکموں کے تعاون سے منعقد کی تھی جس کا مقصد کھیل اور تعلیم میں لڑکیوں کی کامیابیوں کا جشن منانا اور خواتین کو بااختیار بنانے کے پیغام کو فروغ دینا تھا ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر نے تعلیم ، کھیل ، ہنر کی ترقی اور آگاہی کے ذریعے خواتین اور لڑکیوں کو بااختیار بنانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے خواتین اور لڑکیوں میں مختلف محکموں کی جانب سے ان کے فائدے کیلئے نافذ کئے جا رہے مختلف حکومتی اسکیموں اور فلاحی اقدامات کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ ڈائریکٹر جنرل آئی سی ڈی ایس مسٹر سجاد حسین گنائی ، ڈی پی او ، اے سی آر کلگام اور ڈسٹرکٹ سوشل ویلفئیر آفیسر کلگام نے بھی اجلاس سے خطاب کیا اور خواتین کو بااختیار بنانے ، تعلیم ، کھیلوں میں شرکت اور خواتین و لڑکیوں کیلئے دستیاب اقدامات پر بات کی ۔ اس سے پہلے وزیر موصوفہ نے شری نظیر احمد وانی ہائیر سکینڈری اسکول کلگام میں انٹر ڈسٹرکٹ یو ٹی لیول انڈر 17 گرلز نیٹ بال ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا ۔ یہ ٹورنامنٹ ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس جموں و کشمیر کی جانب سے منظم اور وائی ایس ایس کلگام کی میزبانی میں منعقد ہو رہا ہے ، جس میں یونین ٹیریٹری کے آٹھ اضلاع کی شرکت ہو رہی ہے ، جو نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور مسابقتی تجربہ حاصل کرنے کا موقع فراہم کر رہا ہے ۔


